بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سندھ ہاوس اسلام آباد کو سب جیل قرار دے دیا گیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے سندھ ہاوس اسلام آباد کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے

نجی ٹی وی کے مطابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو سینٹرل جیل کراچی سے اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق سندھ ہاوس اسلام آباد کے کمرہ نمبر 214 کو سب جیل قرار دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ آئی جی سندھ سب جیل کی سیکیورٹی کے لیے انتظامات کریں۔

امکان ہے کہ علی وزیر کو وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ووٹ ڈالنے کیلئے اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے، تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ وزیرستان سے منتخب رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ علی وزیر کو سال 2020 بدھ 16 دسمبر کو پشاور سے گرفتار کیا گیا تھا۔علی وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے کچھ عرصہ قبل کراچی میں تقریر کرتے ہوئے مبینہ طور پر ریاستی اداروں کی توہین اور سازش کی کوشش کی۔

کراچی پولیس کی جانب سے علی وزیر پر 6 دسمبر 2020 کو کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ریلی سے خطاب کے دوران عوام کو ریاست کے خلاف اکسانے اور سیکیورٹی فورسز پر توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کے الزام پر ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا تھا۔