پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مخالف ٹیموں کے خلاف میچ جیتنے کے لیے گراؤنڈ کے اندر ایک دوسرے کو مشورے دیتے ہیں لیکن اب نکاح اور شادی کے وقت بھی قومی کرکٹرز نئی زندگی شروع کرنے والے ساتھی کھلاڑی کو مشورہ دیتے نظر آرہے ہیں۔
پاکستان ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخر زمان نے فاسٹ بولر حارث رؤف کو نکاح کی مبارک باد دیتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ بس جیسے ہو ویسے ہی رہنا اور بھابھی کے سامنے زیادہ بڑی بڑی نہیں مارنا ۔
فخر زمان نے ویڈیو پیغام میں مذاقاً حارث رؤف کو کہا کہ آپ بہت برے طریقے سے پھنس گئے ہو، بس میری دعا ہے کہ اللّٰہ آپ کے لیے آسانیاں پیدا کرے اور اگلی جتنی بھی زندگی ہے اللّٰہ آپ کو ہمت دے کہ آپ سہہ سکو۔
@FakharZamanLive's message and advice for @HarisRauf14 on his Nikkah ceremony.#DamaDamMast #MainHoonQalandar #Dilse #SochnaBeManaHai #MereYaarKiShadiHai pic.twitter.com/UtsxKm6i2P
— Lahore Qalandars (@lahoreqalandars) December 24, 2022
فخر زمان نے کہا کہ میں تو شادی شدہ ہوں، آپ کو اپنا تجربہ ہی بتا سکتا ہوں، تو میری نیک تمنائیں آپ اور بھابھی کے ساتھ ہیں، اپنا بہت سارا خیال رکھنا۔
فخر زمان نے حارث رؤف سے نکاح کی تقریب میں شرکت نہ کرنے پر معذرت کی اور کہا کہ آپ کو پتا ہے میں نے کہاں جانا تھا آج، میری بہت ساری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
اس کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں نے بھی حارث رؤف کو مبارک باد دی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف آج اپنی کلاس فیلو مزنا مسعود ملک کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔
حارث رؤف اور مزنا مسعود ملک کے نکاح کی مختصر تقریب آج اسلام آباد میں قریبی رشتہ داروں اور دوست احباب کی موجودگی میں ہوئی۔









