پشاور(ضیاء الاسلام)قائداعظم کپ سائیکل ریس مردان سے تعلق رکھنے والے ثناء اللہ نے جیت لی،یوم قائد اعظم کے یوم ولادت کی مناسبت سے خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 28 کلومیٹر پر محیط سائیکل ریس مردان کے ثناءاللہ نے اپنے نام کرلی ‘ پشاور کے محسن خان دوسرے جبکہ مردان کے عمر فاروق تیسرے نمبر پر رہے اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزپشاور کے صدر محمد اسحاق تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں میڈلز اور کیش انعامات تقسیم کئے اس موقع پر ان کے ہمراہ خیبر پختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثار احمد ‘ٹیکنیکل آفیشلز اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔نادرن بائی پاس پشاور سے شروع ہونیوالی ریس میں صوبہ بھر سے چالیس کے قریب کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی جس میں مردان سے تعلق رکھنے والے ثناءاللہ نے 47.23 منٹ فنش کر کے گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، پشاور سے تعلق رکھنے والے محسن خان نے 47.24 منٹ کیساتھ سلور میڈل جبکہ مردان کے عمر فاروق نے 47.25منٹ میں فاصلہ طے کر کے برانز میڈل جیتا۔سائیکلنگ ریس میں ٹیکنکل سہولیات طیفور زرین،مراد علی،بلال احمد اور ذیشان نے فراہم کیںجبکہ ریسکیو 1122 اور خیبر پختونخوا پولیس نے میڈیکل اور سیکورٹی یقینی بنائی










