چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کچھ عرصہ پہلے کا ایک انٹرویو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں وہ سابقہ وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کے ساتھ زمانہ طالب علمی کے دنوں کا تذکرہ کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر عمران خان کا صحافی ہارون رشید کو اکتوبر میں دیے گئے انٹرویو کا ایک کلپ وائرل ہے جس میں صحافی نے عمران خان سے آکسفورڈ کے کھانوں سے متعلق سوال کیا۔
اس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ’مجھے اتنا یاد ہے کہ انگلینڈ کی سردیوں میں ہر وقت بھوک لگتی تھی، ہمیں پاکستان کی عادت تھی کہ تین مرتبہ کھانے کی، صبح ناشتہ، دوپہر کا کھانا، شام کی چائے رات کا کھانا اور پھر ماں کے ہاتھ کا دودھ لیکن جب ہم انگلینڈ گئے تو ڈائننگ روم میں کھانا کھاتے ہی جیسے ہی نیچے اترتے تو ہمیں دوبارہ بھوک لگ جاتی اور یہ بھوک ہر وقت لگتی‘۔
عمران خان نے بتایا کہ ’بینظیر اس وقت دوسرے کالج میں تھیں اور ان کا اتوار کو ایک اوپن ہاؤس ہو ا کرتا تھا کیوں کہ وہ یونین کا الیکشن لڑ رہی تھیں، بینظیر سے میری اچھی دوستی تھی اور بھارت سے میرا ایک دوست وکرم مہتا بھی میرے ساتھ ہوا کرتا تھا، ہم دونوں بھوک کی وجہ سے بینظیر کے کالج جایا کرتے تھے، بینظیر بہت شان و شوکت میں رہ رہی تھیں اور سینڈوچ خود کیٹر کرتی تھیں‘۔