ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان انڑنیشنل سکول ریاض (ناصریہ) کے سنئیر بوائز ونگ میں بانی پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے 146 ویں یوم ولادت کو منانے کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
پرنسپل ائیر کموڈور (ر) نعیم اختر نے بانی پاکستان کے فرمودات اتحاد، تنظیم اور ایمان پر طلباء کو عمل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم یعنی ڈسپلن کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی لہذا طلباء کو سب سے پہلے نظم و ضبط کا پابند ہونا ہوگا، انہیں اپنے شب و روز کو قائد کے راہنما اصولوں کے مطابق گزارانا ہوگا۔
سنئیر استاد پروفیسر انوارالحق نے قائد کی زندگی کے مختلف گوشوں سے طلباء کو اگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نہرو کی بیٹی نے کہا تھا کہ اگر مسلم لیگ کے پاس ایک سو گاندھی اور دو سو ابوالکلام آزاد ہوتے اور کانگریس کے پاس صرف ایک جناح ہوتے تو ہندوستان کبھی تقسیم نہ ہوتا۔ انہوں نے امریکی تاریخ دان سٹینلے ولپرٹ کی کتاب جناح آف پاکستان سے حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا میں قائد اعظم ہی ایک ایسی واحد شخصیت تھی جنہوں نے نہ صرف ہجوم کو قوم بنایا، دنیا کے نقشے کو تبدیل کروایا اور ایک نئی مملکت کے قیام عمل کو یقینی بنایا۔ آج تک یہ تمام کام یک وقت کوئی ایک لیڈر سرانجام نہ دے سکا مگر قائداعظم نے یہ سب کر دکھایا۔
حسنین رضا جماعت دہم اور ہفتم کے طالب علم رانا عمر نے قائد اعظم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ تقریب کا آغاز قاری محمد حزیفہ کی تلاوت سے ہوا جبکہ اختتام قومی ترانے پر ہوا۔ ونگ انچارج راشد مبارک نےمقررین کو عمدہ پروگرام منعقد کرنے پر مبارکباد دی۔










