کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری بے شمار مسائل کا شکار ہے جس کی وجہ سے اچھی فلمیں نہیں بن پارہیں، سماجی برائیوں کے خلاف مولا جٹ کی طرح گنڈاسا اٹھانا پڑے گا تاکہ اس شہر کو ترقی اور امن دے سکوں، اس گنڈاسے کو ملک دشمنوں کے خلاف استعمال کروں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی کے مقامی سینما میں ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان اوردیگرکے ہمراہ جیو فلمز کی شاہکار فلم مولا جٹ دیکھنے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ایک سیاسی رہنما نے مجھے مولا جٹ کہا تھا اس لئے یہ فلم دیکھنے آیا تھا اور اس فلم کو دیکھنے کا ایک اور مقصد مولا جٹ کردار کی مثبت باتوں کی جانب توجہ مبذول کروانا تھا، دوسرا یہ کہ ہماری فلم انڈسٹری کو کیسے فروغ دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی معیشت کا حب ہے اس کو نظر لگ گئی ہے، دس برسوں میں اس شہر کی تباہی بہت زیادہ ہوئی ہے۔
بلدیاتی انتخابات کے بارے میں ایک سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ جہاں تک ان کی معلومات ہیں ، ایم کیو ایم الیکشن کمیشن ، سندھ حکومت سے ایک سال سے رابطے میں ہے کیونکہ انہیں حلقہ بندیوں پر اعتراضات ہیں وہ چاہتے ہیں کہ ان کو صحیح کردیا جائے۔
علاوہ ازیں منگل کی رات گئے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹرسید سیف الرحمن کے ہمراہ ضلع وسطی کے ہنگامی دورے کے موقع پر ناگن چورنگی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی میں بھارت کی 22سالہ انویسٹمنٹ ہے تاکہ یہ شہر ترقی نہ کرے، بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کی اس بہت بڑی انویسٹمنٹ کے تالے توڑ دیئے جائیں گے، ابھی مجھے گورنر کی حیثیت سے 75دن پور ے نہیں ہوئے 75 سالوں کا حساب کیسے دے سکتا ہوں، شہر کے دورے محدود کرنے کے لیے کہا جارہا ہے اس کے باوجود ہر جگہ جاتا رہوں گا اور ایکشن لیتا رہوں گا، گورنرکی حیثیت سے سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتا، ذاتی حیثیت میں سب سے کہا ہے بہت ہوگیا اختلافات بھلاکرایک ہوجائیں، ہم سب کو مل کر شہر کی حالت بہتر بنانی ہے۔









