کراچی (نیوز ڈیسک) فٹبال کی دنیا کے معروف کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈونے سعودی عرب کے فٹبال کلب النصر کیساتھ معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں،انہوں نے جو معاہدہ کیا ہے، وہ سنہ 2025 تک جاری رہے گا، قطری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق النصر کلب سے رونالڈو فٹبال کی تاریخ کی سب سے بڑی تنخواہ سالانہ200 ملین یورو(48ارب 46کروڑ پاکستانی روپے)سے زیادہ رقم وصول کریں گے، انہیں پاکستانی روپے کے حساب سے یومیہ13کروڑ 46لاکھ 33ہزار سے زائد کی رقم ملے گی ، پرتگالی فٹبالر کا کہنا ہے کہ یورپ کے بعد ایشیا میں اپنا تجربہ شیئر کرنا کا بہترین وقت ہے، سعودی عرب میں کرسٹیانو رونالڈو کے نام والی ٹی شرٹ کیلئے قطاریں لگ گئیں ۔ فیفا ورلڈ کپ سیٹ نامی صارف الیمو فلپ نے ان کے معاہدے کو سال، مہینے، ہفتے، دن اور گھنٹے کے اعتبار سے پیش کیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ سعودی عرب کے کلب النصر کے ساتھ رونالڈو کے دو سال کے معاہدے کا حساب: ’سالانہ 200 ملین یورو،ماہانہ 67.16ملین یورو، ہفتے کے 3.888ملین یورو ، یومیہ 5لاکھ 55ہزار 555یورو، ہر گھنٹے کے 23ہزار 140یورو، ہر منٹ کے 386یورو ، فی سیکنڈ کے 6یورو ملیں گے ۔ دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو کے سعودی کلب کیساتھ معاہدے کے بعد سعودی عرب میں ونالڈو کی جرسی کے لیے قطاریں لگ گئیں۔ سعودی عرب کی معروف فٹبال کلب النصر ایف سی کی جانب سے پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو سے دستخط ہونے کے اعلان کے بعد رونالڈو اور7 نمبر کی نئی شرٹ خریدنے کے لئے اسپورٹس وئیر اسٹورز پر مداحوں کی قطاریں لگ گئیں۔النصر کے مداح نے بتایا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کی کلب میں شمولیت کے چند گھنٹے میں ہی ٹیم کی 7 نمبر والی شرٹ کی فروحت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ اس وقت رونالڈو کے نام اور نمبر والی جرسی کی قیمت 300 ریال ہے۔37 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا ہے کہ وہ ’ایک مختلف ملک میں ایک نئی فٹبال لیگ کا تجربہ کرنے کے لئے بے چین ہیں۔‘ رونالڈو نے مزید کہا ’میں خوش قسمت ہوں کہ میں نے وہ سب کچھ جیتا جو میں یورپی فٹبال میں جیتنے کے لیے نکلا تھا اور اب یہ محسوس کر رہا ہوں کہ ایشیا میں اپنے تجربے کو شیئر کرنے کا یہ صحیح وقت ہے۔‘ النصر نو بار سعودی پرو لیگ چیمپئن رہ چکی ہے۔ اس نے رونالڈو کے ساتھ اس معاہدے کو ’تاریخ سازی‘ یعنی ایک نئی تاريخ رقم کرنے کے طور پر بیان کیا ہے۔کلب نے کہا کہ یہ ہماری لیگ، قوم اور آنے والی نسلوں، لڑکے اور لڑکیوں کو اپنا بہترین ورژن بننے کی ترغیب دے گا۔پرتگال کے کھلاڑی نے ایک متنازع انٹرویو کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ دیا تھا اور اس کے بعد وہ کسی بھی کلب میں شمولیت کے لئے آزاد تھے۔ اپنے اس انٹرویو میں انہوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی کی بعد یہ کہا جا رہا تھا کہ اب انہیں کوئی بھی ٹیم اس قدر زیادہ رقم کے ساتھ نہیں لے گی۔
رونالڈو کا سعودی کلب النصر سے 48 ارب 46 کروڑ روپے سالانہ میں معاہدہ
