بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملتان،مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاملک کو بچانے اور عوام کش پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اعلان

ملتان ( مقبول حسین) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے ملک کو بچانے اور عوام کش پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اعلان اور چیف جسٹس آف پاکستان سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ہے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا ہے کہ سیاستدانوں، بیوروکریٹس نے بہت جیبیں بھرلیں اب ملک کا سوچیں معاشی بدحالی کی وجہ سے بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے کہ کل کیاہوگا ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں ملک کے ڈیفالٹ کی افواہیں عروج پر پہنچ چکی ہیں تجارتی و صنعتی کاروبار زندگی جام ہو چکے ہیں تاجر برادری کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا جلد احتجاجی تحریک چلائیں گے، مرکزی صدر کاشف چوہدری نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن معاشی حالات کو بہتر کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے تجارتی و صنعتی پہیہ جام ہونے کا خدشہ لاحق ہو گیا ہے جس طرح ملکی معیشت کا کھلواڑ کیا گیا ہے ملکی تاریخ میں اس کی کہیں مثال نہیں ملتی جس کی وجہ سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے آئندہ دس روز میں احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور بہت جلد اسلام آباد میں ہونے والے ملک گیر مشاورتی اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا جس میں حکومت اور اداروں کو روڈ میپ دیا جائے گاکہ وہ نمائشی اور بے وجہ اعلانات سے باز رہیں ذمہ داری کا مظاہر ہ کریں مرکزی سیکریٹری جنرل قیوم آغا نے کہا کہ ملک اس ڈگر پر پہنچ گیا ہے کہ اب اس کی واپسی ناممکن ہے سیاستدان ووٹ بھی مانگتے ہیں نوٹ بھی مگر اقتدار کے ایوانوں میں جاکر وہ ملک وقوم کی بھلائی کا کچھ نہیں سوچتے بلوچستان میں آج بھی سیلاب زدگان دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں غربت اور مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے جبکہ تاجر سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے کراچی سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ حبیب نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پچیس کروڑ عوام کو ریلیف دینے کے لئے تیرہ جماعتوں نے کوئی ریلیف نہیں دیا اس لئے وہ معاشی بدحالی کا شکار عوام کو ریلیف دینے کے لئے سو مو ٹو ایکشن لیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین شیخ اکرم حکیم،جنرل سیکریٹری ملتان مرزا نعیم بیگ بھی موجود تھے مرکزی صدر کاشف چوہدری نے کہا کہ ملکی معیشت بھنور میں پھنس چکی ہے اور ہچکولے کھاتی نظر آرہی ہے مہنگائی کے طوفان میں پسی ہوئی قوم میں قوت خرید ختم ہو چکی ہے رہی سہی کسر بند ہوتی صنعتوں نے پوری کردی ہے جس کی وجہ سے بے روزگاری کا سونامی آجائے گا حکومت اور اپوزیشن ملک کے معاشی حالات کو بہتر کرنے میں سنجیدہ ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں اقتدار کی بندر بانٹ میں ایوانوں میں بیٹھے حکمران عوام کو یکسر بھول چکے ہیں ڈالر ناپید ہو چکا ہے یہی و جہ ہے کہ بندر گاہوں پرآلو، پیار، لہسن اور دیگر اشیائے ضروریہ کے ہزاروں کنٹینرز موجود ہیں لیکن ڈالر موجود نہیں ہیں کہ جس کو کلیئر کرایا جاسکے ٹیوٹا، ہنڈا کی پروڈکشن بند ہو چکی ہے صرف فیصل آباد میں صنعتیں بند ہونے کی وجہ سے بیس لاکھ سے زائد مزدور بے روزگار ہوں گے خدانخواستہ ملک بھر میں صنعتیں بند ہو گئیں تو کیا حالات ہوں گے ملک بھر میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ معیشت کے پہیے کو چلانے کے لئے مقتدر حلقے، عدلیہ، اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھ کر سنجیدگی سے غور کرنا ہو گا تب ہی معاشی حالت بہتر ہو گی اور ایسا معاشی چارٹر ڈآف اکانومی تیار کیا جائے کہ جس کی وجہ سے آنے والی حکومتیں اس کی پابند رہیں سود کی وجہ سے اکانومی مضبوط نہیں ہو رہی اسی لئے بھاری بھرکم قرضوں سے جان چھڑانے کے لئے کرپشن و لوٹ مار کرنے والوں کی دولت کو واپس لایا جائے تاکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے جان چھڑائی جائے کیونکہ جو بھی اقتدار میں آتا ہے محلات کھڑے ہو جاتے ہیں جائیدادیں بن جاتی ہیں بنک بیلنس میں اضافہ اور بزنس بڑھ جاتا ہے لیکن ملک وقوم کی بھلائی کے لئے کوئی سنجیدگی سے نہیں سوچتا بہت جلد اسلام آباد میں ملک گیر مشاورتی اجلاس بلایا جارہا ہے جس میں آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی مرکزی تاجر رہنما شیخ حبیب نے مزید کہا کہ حکمرانوں سے بارہا مزاکرات کئے لیکن مزاکرات بے سود ثابت ہوئے کوئی جماعت عوام کو نہیں دیکھ رہی سب ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں آخر یہی راستہ نظر آیا ہے کہ ملک کو بچانے اور ملکی معیشت کے استحکام کے لئے سڑکوں پر آیا جائے جس کے لئے بہت جلدآئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کیاجائے گا۔