جدہ (امیر محمد خان سے ) جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز نے پانچ جنوری یوم حق خودارادیت کے حوالے سے جدہ میں تقریب منعقد کی ۔تقریب کی صدارت نو منتخب چیئرمین جے کے سی او سردار وقاص عنایت اللہ نے کی جبکہ سردار عبداللطیف عباسی چیف آرگنائزر جے کے سی او مہمان خصوصی تھے۔ نظامت کے فرائض نومنتخب سیکریٹری جنرل کامران بیگ نے ادا کیے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سردار وقاص عنایت اللہ ،سردار عبداللطیف عباسی ، سردار اشفاق خان، چوہدری خورشید متیال،انجینئر عارف مغل، راجہ شمروز ، وحید خاکسار، معروف حسین، غلام مصطفے، نصر اقبال سردار خان، انجینئر نعمان تصدق، اسرار عباسی، سردار اعجاز ، احسان الحق ودیگر نے کہاکہ اقوام متحدہ پانچ جنوری1949 کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کا آزادی کے لیے مسلمہ حق خودارادیت دلائے۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو بھارت کے ظلم ستم پر چھوڑ دیا گیا ، آج تقریباً 75 سال ہوگئے ہیں لیکن اقوام متحدہ نہ ہی مظالم رکوا سکی اور نہ ہی کشمیریوں کو دیا گیا ان کا مسلمہ حق رائے دہی دلانے میں کوئی کاوش کر سکی۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے اس کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی لیکن بھارت کی مکاری ، عیاری اور اقوام عالم کے اپنے ذاتی مفاد اور مقاصد مظلوم کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے نمک چھڑکتے رہے،بھارت نے پچھلی ساڑھی سات دہائیوں میں لاکھوں انسانوں کی جانیں لیں ، عزتوں کو پامال کیا اور جبر اور تشدد کے ذریعے معصوم کشمیریوں کو معذور کیا. اس کا جبری تسلط اور ظلم کا تسلسل جاری ہے لیکن اقوام عالم اور انکی نمائندہ تنظیم اقوام متحدہ خاموش تماشائی کی طرح ان مناظر کو دیکھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں. ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے اور انھیں ہندوستان کے تسلط سے آزاد کیا جائے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ پانچ جنوری1949 کی اپنی قراردادوں کے مطابق آزادی کے لیے حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرے۔کشمیری قوم مختلف نظریات اور خیالات کے باوجود اس بات پر متفق ہے کہ حق خودارادیت کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند رکھی جائے گی اور اللہ تعالی سے قوی امید ہے کہ کشمیر کی آزادی کی راہ ایک دن ضرور ہموار ہوگی ۔
یوم حق خودارادیت کی مناسبت سے جدہ میں تقریب، کشمیریوں پر بھارتی مظالم جاری،عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،مقررین








