بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکمران عوام میں جانے سے خائف ، بلدیاتی انتخابات سے فرار نہیں ہونے دیں گے،خالد مسعود سندھو

اسلام آباد(ممتازنیوز) صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے الیکشن کمیشن اور حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔
بلدیاتی انتخابات کے نامزد امیدواروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مسعود سندھو نے کہاکہ موجودہ اورسابق حکمرانوں نے قوم کو مایوس کیا اسی لئے آج عوام میں جانے کے قابل نہیں اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ مرکزی مسلم لیگ کسی کو بھی اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے فرار نہیں ہونے دے گی،حکومت اور الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہ کی تو ووٹرز کے ہمراہ احتجاج پر مجبورہوجائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ عوام پرجوش ہے جبکہ امیدواروں کی طرف سے انتخابی مہم سمیت تمام تر تیاریوں مکمل ہوچکی ہیں ایسے میں انتخابات نہ کروانا ووٹرز کی توہین ہے،حکومت اور الیکشن کمیشن ووٹ اور ووٹرز کو عزت دے اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے،بلدیاتی انتخابات سے اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوتے ہیں اوراسی سے عام لوگوں کے مسائل حل ہوتے ہیں پتہ نہیں کیوں یہ سیاسی پنڈت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے گھبراتے ہیں ۔
ایڈووکیٹ خالد مسعود سندھو نے کہا کہ اسلام آباد میں دوسری بار بلدیاتی انتخابات منعقد ہورہے ہیں پہلی بار 2015 میں بھی اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سپریم کورٹ کے دباؤ پر ہوئے تھے اب بھی عدلیہ کو ہی کردار ادا کرنا ہونا ہوگا ورنہ یہ لوگ جمہوریت اور قانون سے کھلواڑ جاری رکھیں گے ۔
صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ پہلی بار کسی بھی انتخابی میدان میں آئی ہے ہم نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں میرٹ کی بنیاد پر پڑھے لکھے،خدمت کا جذبہ رکھنے والے اور عام لوگوں سے امیدوار کھڑے کئے ہیں ،ہم نے پاکستان کو درپیش سیاسی و معاشی مسائل سے نکالنے اور محمد علی جناح کی سوچ کے مطابق پاکستان کو اسلامی فلاحی پاکستان بنانے کیلئے مرکزی مسلم لیگ کے نام سے پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کیساتھ کیساتھ سیاسی میدان میں آنے کا فیصلہ کیاہے اس پلیٹ فارم سے قوم کو پڑھی لکھی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر بطور قوم سوچنے والی قیادت فراہم کریں گے،پاکستان کو درپیش سیاسی ومعاشی مسائل سے نکالنے کیلئے مرکزی مسلم آئندہ جنرل انتخابات سمیت تمام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ محض اقتدار کیلئے سیاست نہیں کرے گی ہمارا سلوگن اسلامی فلاحی پاکستان ہے اور اس کیلئے ہم عوامی سطح پر شعور اجاگر کررہے ہیں مرکزی مسلم لیگ کا انتخابی نشان پڑھائی والی میز کرسی تعلیم اور شعور کا نشان ہے ،ہم عوامی سطح پر شعور بیدار کررہے ہیں اس شعور کی بیداری سے ہم اپنی مزل کو پائیں گے اوروہ منزل قائد اور اقبال کا اسلامی فلاحی پاکستان ہے ۔