ملک میں آئندہ ہونے والی ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے نادرا نے 17 ہزار 600 مشینوں کی آخری کھیپ ادارۂ شماریات کے حوالے کردی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے ادارہ شماریات پاکستان میں 17,600 محفوظ ٹیبلٹس کی آخری کھیپ چیف شماریات ڈاکٹر نعیم ظفر کے حوالے کیں، مردم و گھر شماری کی ساتویں’’ڈیجیٹل مردم شماری‘‘ کے انعقاد سے پہلے ایک بڑا حصہ اینڈرائیڈ ٹیبلٹس کی ترسیل تھا۔ نادرا نے 21,600 ٹیبلٹس کو 40 کنٹینرز کے ذریعے ہارڈ ویئر کی بروقت اسمبلنگ اور ڈیلیوری کو یقینی بنایا ہے۔
چیئرمین نادرا نے ادارہ شماریات کے ہیڈ کوارٹرز میں سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ فیسیلیٹی، ہارڈ ویئر ہارڈننگ اسمبلی لائن اور ڈسپیچ فیسیلیٹی ہاؤس کا اتوار کو دورہ کیا۔ ملک بھر میں مردم شماری کے 495 اضلاع میں ان ٹیبلٹس کی ترسیل ایک مشکل مرحلہ تصور کیا جا رہا تھا مگر نادرا نے بالترتیب 932 مقامات پر 90,000 سے زیادہ شمار کنندگان کی ٹریننگ کی تکمیل کے لیے 09 دنوں میں بڑی مشق کو کامیابی سے مکمل کر لیا۔
چیئرمین نادرا طارق ملک نے 100 سے زائد ماہرین پر مشتمل نادرا کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ،جنہوں نے مقررہ وقت میں 1,26,000اینڈرائیڈ ٹیبلٹس کی اسمبلنگ اور تقسیم کا ایک اہم سنگ میل کامیابی سے عبور کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری وہ قدم ہے جو ملک کو قدیم ماضی سے نکال کر جدید مستقبل کی جانب گامزن کرے گا۔ انہوں نے کہا لاکھوں کاغذی شیٹس پر لکھے ہوئے جوابات سے لے کر سیٹلائٹ امیجری کے ساتھ محفوظ آلات پر ایپس میں ریئل ٹائم توثیق شدہ ڈیٹا تک ڈیجیٹل پاکستان کی طرف ایک قدم ہے۔
ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے بڑی پیشرفت








