بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سابق فوجی اہلکار5ماہ سے پنشن سے محروم،مالی مشکلات بڑھ گئیں

اسلام آباد(ممتازنیوز)پنشن کی جی پی او کی بجائے بینکوں کے ذریعے ادائیگی کا عمل سست روی کا شکارہونے کے باعث ریٹائرڈ فوجی حضرات گزشتہ پانچ ماہ سے پنشن سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ان کی مالی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پانچ ماہ قبل سابق فوجیوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ فوری طور پر بینکوں میں اپنے اکاؤنٹس کھلوائیں کیونکہ آئندہ انہیں پنشن کی ادائیگی جی پی او کے ذریعے نہیں بلکہ بینکوں کے ذریعے ہوگی جس پر سابق فوجیوں نے فوری عملدرآمدکرتے ہوئے بینکوں میں اپنے اکاؤنٹس کھلوائے تاکہ انہیں پنشن کی ادائیگی کے عمل میں کوئی تعطل نہ ہوئے ،سی ایم اے لاہور کی طرف سے پنشن بینکوںمیں منتقل کی جانی تھی لیکن بدقسمتی سے یہ عمل انتہائی سست روی کا شکار ہے اور تقریباً چار سے پانچ ماہ گزرنے کے باوجود پنشن ادا نہ ہوسکی جس کے باعث غریب ریٹائرڈ فوج حضرات شدید پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں،یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بہت سے ایسے ریٹائرڈفوجی بھی ہیں جن کا گزربسرہی پنشن کے پیسوں پر ہوتا ہے،چنانچہ پانچ ماہ سے پنشن کی ادائیگی نہ ہونے پر ان کی مالی مشکلات بڑھ گئی ہیں اور وہ مقروض ہوگئے ہیں۔ریٹائرڈ پنشنرز کاکہناہے کہ اگر انہیں پانچ ماہ کی فوری اور یکمشت ادائیگی نہ کی گئی تو ان کے مالی مسائل مزید بڑھ جائیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جی ایچ کیواور ملٹری سولجر بورڈ سی ایم اے لاہور کی معاونت کریں تا کہ انہیں پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی جاسکے۔