بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پہلا ون ڈے؛ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو جیت کیلئے 256 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 48.1 اوور میں پورا کرلیا۔ فخر زمان، بابراعظم اور محمد رضوان نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
فخر زمان 56 ، بابراعظم 66، حارث سہیل 32 اور امام الحق 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان 77 اور آغا سلمان 13 رنز کیساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
کراچی کے نیشنل بینک ارینا کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔
پاکستان کیخلاف نیوزی لینڈ کی 5 وکٹیں 147 رنز پر گرگئیں، نسیم شاہ نے پہلے ہی اوور میں ڈیون کانوے کو آؤٹ کیا، فن ایلن 29 اور کین ولیمسن 26، ڈیرل مچل 36 اور ٹام لیتھم 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
گلین فلپس اور مچل بریس ویل کے درمیان 66 رنز کی قابل قدر شراکت قائم ہوئی، دونوں بالترتیب 37 اور 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مچل سینٹنر نے 21 رنز کی اننگز کھیلی، ٹم ساؤتھی 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 57 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسامہ میر نے ڈیبیو پر 42 رنز کے بدلے 2 شکار کئے، محمد وسیم اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، حارث رؤف 54 رنز دے کر کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
قومی پلیئنگ الیون
قومی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد رضوان، حارث سہیل، آغا سلمان، محمد نواز، اسامہ میر، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔
اسامہ میرکا ون ڈے ڈیبیو
پاکستان کی جانب سے اسامہ میر نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کراچی میں کھیلی جارہی ہے۔