نئی دہلی (نیوز ڈیسک)بھارت میں ایک مسافر کی جانب سے اپنے بیگ کی کھوج میں کی جانے والی عجیب و غریب حرکت نے سوشل میڈیا پر ایک تفریحی بحث چھیڑ دی ہے۔
بھارتی اخبار انڈیپینڈٹ کے مطابق 27 مارچ کو پٹنہ سے بنگلورو جانے والی بھارتی ایئرلائن انڈیگو میں ایک مسافر نندن کمار کا بیگ دوسرے مسافر کے بیگ سے تبدیل ہوگیا۔
مسافر نندن کمار کے مطابق جب تک وہ گھر نہیں پہنچ گیا اسے پتا ہی نہیں چل پایا کیونکہ دونوں بیگز میں معمولی فرق تھا۔ بیوی کے نشاندہی کرنے پر مسافر نے انڈیگو ایئرلائن کے کسٹمر سروس سے رابطہ کیا۔ ایجنٹ تک پہنچنے کے لیے اُسے کئی کالز کرنا پڑیں مگر پھر بھی کمپنی اسے دوسرے مسافر تک پہنچانے میں ناکام رہی۔
یہ مسافر جو سافٹ ویئر انجینیئر بھی ہے، نے اپنا تمام تر تجربہ سوشل میڈیا پر درجنوں ٹویٹس کے ذریعے شیئر کیا اور یہ بھی انکشاف کیا کہ اس نے اپنا بیگ واپس لینے کے لیے کمپنی کی ویب سائٹ کو ہیک کرنے کا حیران کُن قدم اٹھایا۔
مسافر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ کسٹمر سروس ٹیم کا کوئی بھی رکن رازداری اور ڈیٹا کے حفاظتی قواعد کے باعث اُسے دوسرے مسافر کے رابطے کی تفصیلات فراہم کرنے کو تیار نہیں تھا۔
ایسی صورتحال میں مسافر نندن کمار نے خود کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا اور اُس نے انڈیگو کی ویب سائٹ ہیک کرلی۔ وہ نہ صرف دوسرے مسافر کا فون نمبر اور ای میل تلاش کرنے میں کامیاب رہا بلکہ اُس سے بیگز کا تبادلہ بھی کرلیا۔
بعد ازاں مسافر نندن کمار نے ایک اور ٹویٹ میں انڈیگو کمپنی کا تمسخر اڑاتے ہوئے لکھا کہ اگر وہ اپنے سسٹم کی تکنیکی خامیوں کے بارے میں جاننا چاہتی ہے تو اُس سے رابطہ کرلے۔
دوسری جانب انڈیگو ایئرلائن نے مسافر کے اس دعوے کی سختی سے تردید کی کہ کمپنی کی ویب سائٹ ہیک کی گئی تھی۔ کمپنی کا اپنی ٹوئٹر پوسٹ میں کہنا ہے کہ اُس کے آئی ٹی آپریشن مکمل طور پر محفوظ ہیں اور وہ اپنے صارفین کے ڈیٹا کی رازداری اور سائبر سکیورٹی کے معیارات کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔









