مکہ مکرمہ(ممتازنیوز) رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور گزشتہ سال کے امام حج ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب امت مسلمہ کے دو روشن ستارے ہیں۔ان کا استحکام امت کا استحکام ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان کے معروف اسکالر پروفیسر حافظ سجاد قمر سے ملاقات میں کیا۔جو ان کی دعوت پر سعودی عرب کے دورہ پر ہیں۔ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا ہمیں مل کر جھوٹے پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنا ہو گا۔اسلام کا چہرہ مسخ کر کے پیش کیا جا رہا ہے۔اسلام کا صحیح چہرہ وہ ہے جو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے چودہ سو سال قبل پیش کیا۔اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ یورپ اور مغربی دنیا سے رابطے میں رہتے ہیں۔بین المذاہب مکالمہ اس بات کا نام ہے کہ ہم ایک دوسرے کو برداشت کریں۔ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی عوام ہمارے دلوں میں رہتے ہیں۔انھوں نے پاکستان کے استحکام سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی۔اور پروفیسر سجاد قمر کی کاوشوں اور جدوجہد کو سراہا۔معروف اسکالر پروفیسر حافظ سجاد قمر نے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کا بہترین مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔اور کہا کہ رابطہ عالم اسلامی ان کی قیادت میں بہترین جدوجہد کر رہا ہے۔پروفیسر سجاد قمر نے پاکستان خصوصی امداد پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد سمو الامیر محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔اور کہا کہ پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف کا بہترین استقبال اور خانہ کعبہ کا دروازہ کھولنا پاکستان کی عزت اور اکرام ہے۔ سعودی عرب نے ہمیشہ ہر آڑے وقت میں اسی طرح پاکستان کا ساتھ دیا۔انھوں نے کہا کہ وثیقہ مکہ رابطہ عالم اسلامی کی بہترین کاوش ہے ۔مغربی دنیا سے مسلسل رابطے سے بہت ساری غلط فہمیاں دور ہو رہی ہیں۔اسلام کا اصل چہرہ خطبہ حجتہ الوداع ہے۔انھوں نے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کو دعوت دی کہ وہ پاکستان تشریف لائیں اور پاکستان کے علمائے کرام،نوجوانوں اور دانشوروں کو اپنے اس مشن میں شامل کریں ۔اس طرح ہم مل کر انتہا پسندی اور شدت پسند عناصر مقابلہ کر یں گے ۔اور پورے عالم کے لیے امن و محبت کا پیغام عام کریں گے۔
پاکستان اور سعودی عرب امت مسلمہ کے دو روشن ستارے ہیں، ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کی پروفیسر حافظ سجاد قمر سے ملاقات میں بات چیت








