ٹوکیو(انٹرنیشنل ڈیسک)جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ کا کہنا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں ماحولیاتی تبدیلی کے سبب پاکستانی میں آنے والے سیلاب اور اس سے ہونے والے نقصان کے ازالے اور تعمیرِ نو کے لیےحکومتِ جاپان کی جانب سے 77 ملین ڈالرز کی خطیر امداد پر ان کے شکر گزار ہیں۔
جاپان میں پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ نے جاری کیے گئے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹور زرداری بھی اس مشکل وقت میں ساتھ نبھانے پر حکومتِ جاپان کا شکریہ ادا کر چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے لیے جنیوا میں منعقدہ بین الاقوامی ماحولیاتی کانفرنس میں جاپان کی طرف سے پارلیمانی نائب وزیر برائے خارجہ امور ماساتوشی اکیموٹو نے شرکت کی اور آفات سے بچاؤ سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے 77 ملین امریکی ڈالرز کی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔
جس پر سفیرِ پاکستان رضا بشیر تارڑ نے سفارتی عملے کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستانی سفیر کے مطابق پاکستان کے مشکل وقت میں حکومتِ جاپان کی جانب سے مالی امداد دونوں ممالک کے مابین بہترین تعلقات کی علامت ہے اور امید ہے کہ یہ پاکستان کےسیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مشکلات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔









