بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کیلئے فرخدلانہ امدادسعودی قیادت کاشہبازحکومت پراعتمادکااظہار، پاکستانیوں سے محبت کا ثبوت ہے،رہنمان لیگ سعودی عرب

جدہ(ممتازنیوز)مسلم لیگ(ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد،سینئر نائب صدر محمودالحق ڈوگر اور جدہ کے صدر عمرمسعود پوری نےکہاہےکہ جنیوا میں ہونے والی ’ریزیلیئنٹ پاکستان‘ بین الاقوامی کانفرنس میں سعودی عرب کی طرف سے پاکستانی سیلاب متاثرین کیلئے ایک ارب ڈالر امداد کا اعلان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر بڑھانے جبکہ 5 ارب ڈالرکے ڈیپازٹ کی ہدایات کو سعودی قیادت کی پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ محبت اور لگاؤ کا ثبوت قراردیاہے۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں شیخ سعید احمد، محمودالحق ڈوگر اور عمرمسعود پوری نے کہاکہ پاکستانی عوام بالخصوص تارکین وطن سعودی ولی عہد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نےجنیوا کانفرنس کے علاوہ پاکستان کی مالی معاونت کا فراخ دلانہ اور برادرانہ قدم اٹھایا۔انہوں نے کہاکہ اس امداد کااعلان دراصل مسلم لیگ(ن) کی زیرقیادت اتحادی حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے،جس سے ملک کو معاشی مشکلات سے نکلنے میں نمایاں مددملے گی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے ہر دورحکومت میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مضبوط سے مضبوط ترہوئے ہیں۔ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے (ن)لیگ سعودی عرب کے رہنماؤں نے کہاکہ اتحادی حکومت کسی صورت عمران خان کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی، اس وقت ملک بحرانوں سے گزر رہا ہےیہ وقت انتخابات کا نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کے مل بیٹھ کر ملک کو استحکام کی طرف لے جانے کاہے،عمران خان کو اپنی ضدترک کرکے ملکی مفاد کے بارے میں سوچناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ وزیرخزانہ اور مسلم لیگ(ن) اوورسیز کے صدر اسحاق ڈار ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے انتھک کوششیں کررہے ہیں،وہ وقت دورنہیں جب وزیراعظم شہبازشریف کی زیرقیادت اتحادی حکومت تمام بحرانوں پر کامیابی سے قابو پالے گی۔