بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تیسرا ون ڈے، آسٹریلیا کے 67 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ

لاہور(نیوز ڈیسک) آسٹریلیا کی تیسرے ایک روزہ میں بیٹنگ جاری ہے۔ آسٹریلیا کے 67 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا فیصلہ کن میچ آج قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن آج بری طرح سے متاثر ہے اور محض 67 رنز پر ہی 5 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی ہی گیند پر ٹریوس ہیڈ کو بولڈ کردیا جبکہ اگلے ہی اوور میں حارث رؤف ایرون فنچ کی وکٹ لینے میں کامیاب ہو گئے۔

چھٹے اوور میں حارث رؤف کی گیند پر مارنوس لابوشین 4 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ بارہویں اوور میں زاہد محمود کی گیند پرمرقس 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 13 اوور کے اختتام تک آسٹریلیا نے صرف 60 رنز اسکور کیے تھے۔

ٹیم کے 67 رنز کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کا پانچواں کھلاڑی بھی آؤٹ ہوگیا۔ بین میکڈرمٹ 36 رنز بناکر محمد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے یک طرفہ مقابلے کے بعد 88 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے مقررہ 50 اوورز میں 348 رنز کا ہدف دیا تھا۔

اس میچ میں پاکستان بہت سے ریکارڈ اپنے نام کیے جبکہ بابراعظم اور امام الحق کی سنچری کی بدولت مطلوبہ ہدف ایک اوور پہلے ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔

دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے پہلی مرتبہ 348 رنز کا بڑا ہدف حاصل کیا جبکہ 2017 کے بعد پہلی بار آسٹریلیا کو ون ڈے میچ میں شکست دینے میں کامیاب ہوا۔