اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم عمران خان آج کسی بھی وقت قوم سے براہ راست خطاب کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ٹی وی نے وزیراعظم کے خطاب کے انتظامات کرلیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کامیاب یا ناکام دونوں صورت میں وزیراعظم قوم سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے حوالے سے قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج صبح ساڑھے 11 بجے ہو گا۔
منحرف ارکان پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن لابی میں پہنچ گئے جس کے بعد اپوزیشن لابی کا دروازہ بند کر دیا گیا۔
اپوزیشن لیڈر، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، ان کے صاحبزادے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے۔
اسمبلی اجلاس سے قبل اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی زیرصدارت متحدہ اپوزیشن کا اجلاس ہوا جس میں یہ طے پایا ہے کہ حکومتی ارکان کے شور شرابے یا اشتعال کا جواب نہ دیا جائے اور کسی بھی صورت تحریک عدم اعتماد کی کارروائی روکنے کا موقع نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی قانونی ٹیم بھی شریک ہوئی، اجلاس میں قانونی ٹیم نے ممبران کو قانونی نکات پر بریفنگ دی۔









