بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک کے موجودہ زوال کا سفر 2017 میں نواز شریف کی بے دخلی سے شروع ہوا: عرفان صدیقی

فیصل آباد (معظم رندھاوا ) مسلم لیگ(ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ زوال کا سفر 2017 میں نواز شریف کی بے دخلی سے شروع ہوا۔ اگر موجودہ حکومت اقتدار نہ سنبھالتی توآج ملک ڈیفالٹ کے کنارے پر ہوتا۔ 35سیٹوں پر عمران خان کی طرف سے الیکشن لڑنے کا اعلان مذاق نہیں تو اور کیا ہے؟ انڈیا میں چار سیٹوں سے زائد پر الیکشن لڑنے پر پابندی ہے مگر ہمارے ہاں ایسا کوئی قانون نہیں، اس لئے اس معاملہ میں بھی فوری طور پر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ ہم الیکشن سے کسی صورت بھی خائف نہیں اورنہ ہی پی ڈی ایم کوشکست ہوئی، شکست اُن کو ہوئی جن کے راستے بند ہوگئے، یہ ضرور ہوا ہے کہ عمران خان کی برکت سے آئین کی بند شقیں بھی کھل گئی ہیں۔ وہ پاک سعودی بزنس کونسل کے چئیرمین اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مشرقی وسطی سے تجارت میں اضافے کی کمیٹی کے سربراہ حافظ شفیق کاشف کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ عمران خان نے سیاست کو بھی باغچہ اطفال سمجھ رکھا ہے اور وہ سیاست کو بھی کرکٹ کا میدان سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہرعدالت یہ کہہ چکی ہے کہ نیب کا اندھا قانون ہے۔ نوازشریف کیخلاف نیب ‘پولیس’اینٹی کرپشن سمیت ہر محکمے کا قانون آزمایا گیا مگر کوئی جرم ثابت نہ ہوسکا۔ آج تک یہ پتہ نہیں چلا کہ تاریخ کی سب سے منفرد جے۔ آئی۔ ٹی پر کتنا خرچہ آیا؟ اگر میں یہ سوال سینٹ میں لانے کی کوشش کروں تو یہ روک لیا جائے گا۔ ملکوں ملکوں کے چکر لگانے اور دس بھاری بھر کم جلدوں پر مشتمل رپورٹیں بنانے کے باوجود بات یہ نکلی کہ نواز شریف نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اس لئے اسے وزیر اعظم ہاؤس سے نکال دو۔ سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا کہ ہمیں سیاسی تقسیم سے ہٹ کر خود احتسابی کرنی چاہیے۔ اسی لئے میں نے قومی اسمبلی اور سینٹ کی مشترکہ کمیٹی کی تجویز دی ہے جو تحقیقات کرکے اُن ذمہ داران کا تعین کرے جن کی وجہ سے ملک زوال کے اس مقام تک پہنچا ہے؟سیاستدان ایک دوسرے کی کرپشن کی داستانیں سناتے رہتے ہیں۔ اپوزیشن والے کیوں نہیں بتاتے کہ مشرف نے دوست ممالک سے کتنے کروڑ ڈالر اپنے ا کاؤنٹس میں جمع کرائے؟اس کے محلات کی قیمت کیا ہے؟ مشرف کی جائیدادیں اوربنک اکاونٹس نوازشریف سے دس گنا زیادہ مہنگی ہیں مگر ان کیخلاف کوئی آواز بھی نہیں اٹھاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف آج بھی پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔آر ٹی ایس کے باوجود 63 فیصد ووٹ حاصل کئے تھے۔