اسلام آباد(ممتازنیوز) سپیکر قومی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ ملکی ترقی کا راز خواتین کو معاشی و سیاسی طور پر بااختیار بنانے میں پوشیدہ ہے ،خواتین کو قومی دھارے میں لائے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
وویمن کاکس کے زیر اہتمام جینڈر بجٹنگ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویزاشرف نے کہاکہ ملک کی ترقی کے لیے ہر شعبے میں خواتین کی شمولیت ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی نصف سے زیادہ آبادی خواتین پر مشتمل ہے، پیپلز پارٹی خواتین کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے اور اس نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے موثر قانون سازی بھی کی۔ راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ ویمن پارلیمنٹری کاکس کی تشکیل کا سہرا بھی پاکستان پیپلز پارٹی کو جاتا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم اور خاتون اسپیکر قومی اسمبلی کو منتخب کیا،پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے اور ان قومی دھارے میں لانے کے لیے محترمہ بینظیر بھٹو نے گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی خواتین بڑی محنتی اور باصلاحیت ہیں، پاکستانی خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،خواتین کی ضروریات زندگی کو مناسب طریقے سے پورا کرنے اور حقوق کے تحفظ کے لیے جینڈر بجٹنگ ضروری ہے۔سپیکر قومی اسمبلی جنڈر بجٹنگ پر مکالمے کا انتقاد خوش آئند ہے،مکالمے کے انعقاد کے لیے ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جینڈر بجٹنگ کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس کے نفاذ کے لیے تعاون کرنا ضروری ہے، یہ مکالمہ جنڈر بجٹنگ پر موثر پالیسی وضع کرنے اور خواتین کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے کے لیے راہ ہموار کرے گا ۔
خواتین کو قومی دھارے میں لائے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،سپیکرقومی اسمبلی








