ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں ایک غیر ملکی خاتون بھکاری کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کے پاس سے ہزاروں سعودی ریال برآمد ہوئے ہیں۔خاتون بھکاری کو سکیورٹی چیک پوسٹ سے گذرتے ہوئے اس وقت حراست میں لیا گیا، پولیس نے خطیر رقم قبضے میں لینے کے بعد ملزمہ سے تفتیش شروع کردی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں مذکوری خاتون کو سعودی کرنسی میں موجود خطیر رقم کو دیکھا جاسکتا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی حکام نے سرحدی حفاظتی نظام کی خلاف ورزی کرنے والی ایک جبوتی خاتون کو گرفتار کیا ہے جس نے بھیک مانگ کر بڑی رقم جمع کر رکھی تھی۔ وزارت داخلہ کی وضاحت کے مطابق خاتون کے پاس ایک لاکھ 32 ہزار ریال (65 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) پائے گئے ہیں، جو انہوں نے بھیک مانگ کر جمع کئے تھے۔وزارت داخلہ کے مطابق ملزمہ کے خلاف قانونی اقدامات کیے گئے ہیں اور انہیں مجاز حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کیس اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ بھکاریوں کو بھیک میں بھاری رقم ملتی ہے۔ یہ رحجان عام ہے خاص طور پر رمضان کے مہینے بھکاریوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔ کچھ لوگ اس مقدس مہینے میں پیسے کمانے کے لیے اس کا استحصال کرتے ہیں۔ترجمان وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ بھکاری لوگوں کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے دھوکہ دہی اور دیگر مختلف طریقوں سے ائدہ اٹھاتے ہیں۔ جیسا کہ بوڑھوں اور معذوروں کے لیے گاڑیوں کا استعمال کرنا اور بچوں کو عوامی مقامات اور دکانوں پر بھیک مانگنے کے لیے بھیجنا۔خیال رہے کہ پبلک سیکیورٹی نے اعلان کیا ہے کہ مجاز سیکیورٹی حکام ہر بھیک مانگنے والے شخص کو گرفتار کریں گے اور ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بریگیڈیئر جنرل سمیع الشویریخ نے کہا کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ بھیک مانگنے، اس کی ترغیب دینے اور اس سے متفق ہونے پر ایک سال قید اور ایک لاکھ ریال جرمانہ کی سزا دی جاسکتی ہے۔
بھیک مانگ کر لاکھوں روپے جمع کرنے والی بھکارن گرفتار
