بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت اتنی نااہل ہے کہ ایک اٹارنی جنرل تک تعینات نہیں کر سکتی،جسٹس قاضی فائزعیسیٰ ٹمپرڈگاڑی سے متعلق کیس میں اٹارنی جنرل کی معاونت نہ ملنے پر برہم ہو گئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سپریم کورٹ آف پاکستان ٹمپرڈگاڑی سے متعلق کیس میں اٹارنی جنرل کی عدم دستیابی پر ایک بار پھر برہم ہو گئی،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ حکومت اتنی نااہل ہے کہ ایک اٹارنی جنرل تک تعینات نہیں کر سکتی۔

نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں ٹمپرڈگاڑی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا ملک میں اس وقت اٹارنی جنرل کون ہے؟ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ آں آں آں ایسے کررہے ہیں جیسے بہت مشکل آئینی سوال پوچھ لیا ہے ، حکومت اتنی نااہل ہے کہ ایک اٹارنی جنرل تک تعینات نہیں کر سکتی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ کیا اٹارنی جنرل کی تعیناتی پر حکومت کسی سے بارگین کررہی ہے؟سپریم کورٹ کے ساڑھے 5 ہزار وکیل ہیں ، حکومت کو ایک نہیں مل رہا،اٹارنی جنرل تعینات نہ کرکے حکومت آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے،سپریم کورٹ کے احکامات کی بھی پاسداری نہیں کی گئی ۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ پیارسے کہہ رہے ہیں، اٹارنی جنرل تعینات کر دیں ،ایڈیشنل،ڈپٹی اٹارنی جنرل صرف اٹارنی جنرل سے ہدایات لینے کے پابند ہیں،عدالت نے کہاکہ اٹارنی جنرل کی ہدایات کے بغیر ڈپٹی اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل پیش ہونا خلاف قانون ہے ۔