بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بجلی کا بریک ڈاون، موبائل فون کمپنیوں کی سروسز بھی متاثر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں آج صبح ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث موبائل فون کمپنیوں کی سروسز بھی متاثر ہوئیں۔

آج صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے جامشورو اور دادو کے درمیان مین ٹرانسمیشن لائن میں بجلی کے فالٹ کے باعث ملک بھر میں بجلی کی ترسیل کا نظام بیٹھ گیا۔

کراچی سے لیکر اسلام آباد تک تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی اور کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے جیو نیوز کو بتایا کہ بجلی کی فراہمی کے لیے آپریشنز شروع کر دیے گئے ہیں، چند گھنٹوں میں پورے ملک میں بجلی کی فراہمی بحال ہو جائے گی۔

بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے ناصرف عدالتوں اور سرکاری دفاتر اور اسپتالوں کا کام متاثر ہوا جبکہ بجلی نہ ہونے کے باعث بینکوں اور موبائل فون کمپنیوں کی سروسز بھی متاثر ہوئیں۔

کئی موبائل فون کمپنیوں کے صارفین کی جانب سے سگنل نہ آنے کی شکایات موصول ہوئیں، صارفین کی جانب کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے متعلقہ کمپنیوں کو ٹیگ کر کے پوچھا بھی جا رہا ہے۔