بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پیپلز پارٹی اپنے کارکنان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی ،آصف علی زرداری

راولپنڈی (ممتازنیوز) سابق صدر پاکستان و شریک چیئرمین پی پی پی آصف علی زرداری نےکہاہے کہ پیپلز پارٹی اپنے کارکنان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی ،جلد ہی راولپنڈی کے پارٹی کارکنان اور رہنماوں سے ملاقات کرونگا، پیپلز پارٹی راولپنڈی کی انتخابی سیاست میں بھرپور حصہ لینے کے ساتھ کامیابی بھی حاصل کرے گی، پراچہ برادران پیپلز پارٹی کا قیمتی اثاثہ اور راولپنڈی کے کارکنان کی مؤثر آواز ہیں۔
پیر کو آصف علی زرداری اچانک پراچہ ہاؤس راولپنڈی پہنچے جہاں ایم ڈی پاکستان بیت المال و ترجمان آصف علی زرداری عامر فدا پراچہ نے مرکزی رہنما پی پی پی ملک انجم فاروق پراچہ، ساجد پراچہ کے ہمراہ ان کا استقبال اور ان کی خصوصی آمد پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر پراچہ برادران سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے لیے ان کے خاندان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ راولپنڈی میں پیپلز پارٹی کو فعال و متحرک رکھنے میں عامر فدا پراچہ کی کاوشوں کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ماضی سے حال تک جو بھی ذمہ داریاں عامر فدا پراچہ اور پراچہ برادران کو سونپی گئیں انہوں نے بطریق احسن انھیں نبھایا یہی وجہ ہے کہ عامر فدا پراچہ کی خداداد ذہنی و سیاسی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ایم ڈی پاکستان بیت المال جیسی اہم ترین ذمہ داری سونپی گئی ہے اور جس طرح عامر فدا پراچہ بطور مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عوامی مسائل حل کر رہے ہیں یہ بھی یقیناً قابل ستائش ہے۔ عامر فدا پراچہ مکمل دیانتداری اورفرض شناسی سے ملک بھر کے مستحق نادار مریضوں ، طلباء و طالبات، معذوروں بیواؤں یتیموں مساکین غرباءاور نادار افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں وہ سب پیپلز پارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے آصف علی زرداری نے مستقبل قریب میں عامر فدا پراچہ کی قیادت اور راولپنڈی سٹی تنظیم سے مشاورت کے بعد راولپنڈی کے کارکنان سے ملاقات کا عندیہ بھی دے دیا۔