بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایئرچیف سے امریکی ایئر فورس سینٹرل کمان کے کمانڈرکی ملاقات، دو طرفہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے نائنتھ ایئر فورس (امریکی ایئر فورس سینٹرل کمانڈ) کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل الیکسس گرینکیوچ نے کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی کمانڈر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور پاک فضائیہ کی جانب سے گزشتہ برسوں میں خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل الیکسس گرینکیوچ نے گزشتہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے دوران جانی نقصان پر پاکستان کی عوام سے دلی تعزیت کی اور سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے عمل میں پاک فضائیہ کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر ائیر چیف نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور دونوں تزویراتی شراکت داروں کے مابین پہلے سے موجود دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے سیکیورٹی اور جیو پولیٹیکل چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے وژن کا بھی ذکر کیا۔ ائیر چیف نے مزید کہا کہ پا کستان امریکہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔فریقین نے تربیت اور آپریشنل شعبوں سمیت دو طرفہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔