کراچی(ممتاز نیوز)رپورٹس کے مطابق نیشنل گرڈ میں آنے والی خرابی کے باعث پیر کی صبح 7:34 بجے سسٹم کی فریکونسی یکدم کم ہوگئی جس کے باعث ملک بھر میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور کراچی سمیت ملک کے متعدد شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ کے الیکٹرک کے سسٹم میں موجود حفاظتی نظام کی بدولت انفرا اسٹرکچر محفوظ رہا۔ کے۔الیکٹرک کی ٹیمز مکمل طور پر متحرک ہیں اور کراچی بھر میں بجلی کی بحالی کے عمل کی براہ راست نگرانی کر رہی ہیں۔ -ٹیمز متعلقہ حکام سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ کراچی اور نیشنل گرڈ کے درمیان لنک دوبارہ قائم کر کے شہر کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کا عمل تیز کیا جا سکے۔ کے۔الیکٹرک سسٹم کے استحکام کو ترجیح دیتے ہوئے احتیاط کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ اسٹریٹجک تنصیبات جیسے کہ ایئر پورٹ، کراچی پورٹ اور ہسپتالوں کی بجلی سب سے پہلے بحال کی گئی۔ شہر کے چند علاقوں میں بجلی جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ ہم پر امید ہیں کہ شہر کے زیادہ تر رہائشی اور کمرشل علاقوں میں بجلی کی فراہمی اگلے 3 سے 4 گھنٹوں میں بحال کر دی جائیگی لیکن شہر کو بجلی کی مکمل فراہمی خاص طور سے صنعتی صارفین کو بجلی کی فراہمی نیشنل گرڈ سے مستحکم بجلی کی فراہمی پر منحصر ہے جس میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔ کے۔الیکٹرک معیشت کو رواں رکھنے کیلئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات لے رہا ہے۔ اس حوالے سے کسٹمرز کو ہونے والی پریشانی پر ہم معذرت خواہ ہیں۔کے الیکٹرک کا تعارفکے۔ الیکٹرک ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے، جس کا قیام پاکستان بننے سے قبل 1913 میں کے ای ایس سی کے طور پر عمل میں آیا۔ 2005 میں کمپنی کی نجکاری کی گئی۔ کے۔ الیکٹرک پاکستان کی واحد عمودی طور پر مربوط یوٹیلیٹی ہے، جو کراچی اور اس کے ملحقہ علاقوں سمیت 6500 مربع کلومیٹر علاقے کو بجلی فراہم کرتی ہے۔ کمپنی کے 66.4 فیصد حصص پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں لسٹڈ ہیں اور کے ای ایس پاور کی ملکیت ہیں۔ یہ سرمایہ کاروں کا ایک کنسورشیم ہے، جس میں سعودی عرب کی الجومعہ پاور لمیٹڈ، کویت کا نیشنل انڈسٹریز گروپ (ہولڈنگ) اور انفرا اسٹرکچر اینڈ گروتھ کیپٹل فنڈ (آئی جی سی ایف) شامل ہیں۔ کے۔ الیکٹرک میں حکومت پاکستان کے بھی 24.36 فیصد حصص ہیں۔
کراچی میں بجلی کی بحالی کےلئے کے الیکٹرک کی ٹیمیں متحرک، 3 سے 4 گھنٹے میں بحال کر دی جائیگی








