اسلام آباد(ممتاز نیوز)گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ امپورٹس کم ہونے سے کرنٹ اکائونٹ خسارہ 10ارب سے کم ہوکر 9ارب تک آنے کا امکان ہے،ڈالر کے ریٹ کا فرق تب ہی ختم ہوگا جب آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہوگا،ترسیلات زر میں کمی کی وجہ عالمگیر مہنگائی ہے۔نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قسط ملنے سے پہلے اقدامات پر بات ضرور ہوگی،آئی ایم ایف پروگرام معطل ضرور ہوا ہے ختم نہیں ہوا،نویں ریویو کےلئے وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف سے رابطہ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2019سے اب تک ڈالر کے ایکسچینج ریٹ کی بنیاد مارکیٹ پر ہی ہے،ڈالر کے انٹربینک اور اوپن مارکیٹ ریٹ میں فرق آہستہ آہستہ ختم ہورہا ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل ہونے پر توقع ہے مارکیٹ نارمل ہوگی،برآمدات کے مسائل صرف ہمارے نہیں بین الاقوامی ہیں،بینکس خود بھی قرض دینے میں محتاط ہوگئے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ خدشہ تھا کورونا کے بعد سفری پابندیاں اٹھنے کا اثر ترسیلات زر پر پڑے گا،آج مشکل فیصلے کرنے سے کل بہتری آئے گی۔
آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہوگا،آج مشکل فیصلے کرنے سے کل بہتری آئے گی، گورنر اسٹیٹ بینک








