بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی؛ ڈاکوؤں نے مزاحمت پر ایک اور جان لے لی، 7 بچوں کا باپ جاں بحق

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) اورنگی ٹاؤن کے علاقے بارہ نمبر چڑھائی پر ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر ایک اور شخص کی جان لے لی۔

پولیس کے مطابق واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے 7 بچوں کے باپ کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ مقتول 50 سالہ محمد واجد ولد محمد منشی سوزوکی ڈرائیور اور مکان نمبر 8/45 سیکٹر10/L عمران گورنمنٹ ہائی اسکول کے قریب پھول والی گلی کا رہائشی تھا۔ڈاکو دیدہ دلیری کے ساتھ قتل کے بعد لوٹ مار کرکے فرار ہوگئے۔

مقتول کے بیٹے محمد شہروز نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے  بتایا کہ ہم 2 بہنیں اور 5 بھائی ہیں۔ والد گزشتہ 15 برس سے سوزوکی پک اپ میں علاقے کے مچھلی فروخت کرنے والوں کو فشری لے کر جاتے تھے۔ علی الصبح تقریباً 4 بجے وہ گھر سے نکل کر مچھلی فروشوں کو لینے کے لیے 12 نمبر چڑھائی پر کھڑے تھے کہ موٹرسائیکل سوار ڈاکو آئے اور لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر قتل کرکے فرار ہو گئے۔

تدفین سے قبل مقتول کی دونوں شادی شدہ بیٹیاں، بیٹے اور دیگر عزیز و اقارب زار و قطار روتے رہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

اسٹریٹ کرائم کی 200 سے زائد وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار

دوسری جانب رینجرز اور پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل ، اقدام قتل ، اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزم امیر خان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی 200 سے زائد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ملزم نے وارداتوں کے دوران 400 سے زائد موبائل فون اور 10 لاکھ روپے سے زائد نقدی بھی چھینی۔

ملزم نے مئی 2022 میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن میں طاہر نامی شخص کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ علاوہ ازیں دسمبر 2022 میں اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر عثمان نامی شخص کو فائرنگ کر کے قتل کا بھی اعتراف کیا ہے۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی ۔ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔