اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ آئی سی سی آئی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کاروبار سمیت دیگر شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کو ایوارڈ سے نوازے گا تا کہ ملک کی ترقی میں ان کے کردار کو تسلیم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کل آبادی کا تقریباً نصف ہیں اور حکومت کو چاہیے کہ وہ معاشی سرگرمیوں میں ان کے کردار کو بڑھانے کے لیے سازگار پالیسیاں بنائے جس سے ان کو بااختیار بنانے کی راہ ہموار ہو گی اور ملک تیزی سے معاشی ترقی حاصل کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر کے دورے پر آئی ہوئی خواتین انٹرپرینیورز کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ بینش افتخار قادری بانی صدر حیدرآباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، رضوانہ آصف صدر اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ثمینہ فاضل بانی صدر اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، نائمہ انصاری سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی اور دیگر وفد میں شامل تھیں۔احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں جو کہ حوصلہ افزا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ خواتین کی زیادہ تعداد کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ معاشی خوشحالی حاصل کریں اور معیشت کی ترقی میں مزید موثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی خواتین انٹرپرینیورز کی بہتری کے لیے بہت سے اقدامات کر ر ہا ہے اور وہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ویمن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔بینش افتخار قادری، بانی صدر، حیدرآباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا کہ خواتین اسٹارٹ اپس کو فنانس تک آسان رسائی حاصل کرنے میں بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت اس اہم مسئلے کو حل کرے جس سے خواتین کیلئے کاروبار شروع کرنا آسان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور حیدرآباد ویمن سی سی آئی کے درمیان قریبی تعاون سے مزید خواتین کو کاروبارکے شعبے میں ترقی دینے میں مدد ملے گی۔اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر رضوانہ آصف نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ خواتین کی مصنوعات کی بیرونی منڈیوں میں نمائشوں کے انعقاد میں تعاون کرے تا کہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ میں برآمدات کو بہتر فروغ دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں خواتین کیلئے الگ مخصوص مارکیٹیں قائم کرے جس سے مزید خواتین کو اعتماد کے ساتھ اپنا کاروبار شروع کرنے کی ترغیب ملے گی۔اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بانی صدر ثمینہ فضل نے کہا کہ ان کا ادارہ اس سال مارچ میں خواتین انٹرپرینورز کیلئے ایک ایکسپو منعقد کرے گا تا کہ ان کو اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے ایک بہتر پلیٹ فارم فراہم کیا جائے اور ان کا کاروبار ترقی کرے۔ انہوں نے خواتین کے لیے مختلف فنکشنز کے انعقاد کے لیے اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اپنا آڈیٹوریم فراہم کرنے پر آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے ادارے کا آئی سی سی آئی کا قریبی تعاون کاروباری خواتین کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گا۔
انٹرنیشنل ویمن ڈے پر نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کو ایوارڈ دیں گے،احسن ظفر بختاوری








