اسلام آباد(ممتا زنیوز )سابق نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہاکہ گوادر پاکستان کا مستقبل کا کاروباری و تجارتی مرکز بننے جا رہا ہے، چین کے صدر دورہ پاکستان کے موقع پر گوادر ایئرپورٹ کا افتتاح کریں گے،گوادر مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متعدد شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے،وہ ہفتہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پراپنے خیالات کااظہارکررہے تھے ،انہوں نے کہاکہ یہی مناسب وقت ہے کہ سرمایہ کار گوادر کی کاروباری صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں،گوادر، تربت اور مکران سمیت بلوچستان کے ساحلی علاقوں کو جلد ایران سے 100 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی،چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہاکہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنا ایک وفد بلوچستان لے کر جائے گا، وزیراعلیٰ، گورنر اور کور کمانڈر کوئٹہ سے ملاقات کر کے صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیں گے، گوادر میں سپیشل اکنامک زونز اور دیگر مطلوبہ انفراسٹرکچر سمیت تمام ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ وہاں کاروبار اور سرمایہ کاری کی سرگرمیاں شروع ہو سکیں، بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے،حکومت سرمایہ کاری کے بہتر فروغ کیلئے تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرے،سرمایہ کاری کے ترقی پانے سے بلوچستان میں غربت و بے روزگاری کم ہو گی اور صوبے میں خوشحالی آئے گی،سابق نگراں وزیراعلیٰ علائو الدین مری نے چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کو وفد کے ہمراہ بلوچستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
گوادر پاکستان کا مستقبل کا کاروباری و تجارتی مرکز بننے جا رہا ہے،علاؤالدین مری








