دہلی کی ایک عدالت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں فنڈنگ سے متعلق ایک جھوٹے کیس میں سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفترکو ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ بھارتی عدالت کے فیصلے پر حریت کانفرنس نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے ، بھارت کی کینگرو عدالتیں متنازعہ علاقے میں کشمیریوں پر اپنے فیصلے مسلط نہیں کرسکتیں، میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کے ایڈیشنل سیشن جج شیلندر ملک نے راج باغ سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ہیڈ کوارٹر کو ضبط کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے مضحکہ خیز آبزرویشن دی کہ حریت دفتر وہ جگہ ہے جہاں احتجاج اور فنڈنگ کے لئے حکمت عملی بنانے اور جموں کشمیر میں بدامنی پیدا کرنے کے لئے اجلاس ہوتے تھے۔بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے2017میں مختلف حریت رہنمائوں کو منی لانڈرنگ اور عسکریت پسندی کی فنڈنگ کے جھوٹے الزامات پر گرفتار کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس دو درجن سے زائد سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کا ایک اتحاد ہے جو 9 مارچ 1993 کو تشکیل دیا گیا تھا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی عدالت کے اس فیصلے پر شدید ردعمل کااظہار کیا ہے ، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین نے بھارتی عدالت کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارت اپنی کینگرو عدالتوں کا استعمال کرکے کشمیریوںکو اپنی جائز جدوجہد سے دستبردار نہیں کراسکتا،اس سے قبل قابض بھارتی انتظامیہ نے سری نگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے مرکزی دفتر سے بورڈ اتار د ئیے تھے ،اب حریت کے مرکزی دفتر کو ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے جو کہ جمہوری اصولوں کے خلا ف بھی ہے ، شیخ عبدالمتین نے کہا کہ جموں وکشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے بھارت اپنے فوجی طاقت کے ذریعے کشمیر پر غیرقانونی طور قابض ہے ، حریت کانفرنس کشمیریوں کے حقوق کے حصول کے لئے پرامن جدوجہدکررہی ہے ،بھارت اس طرح کے غیر قانونی اور غیر جمہوری اقدامات سے کشمیری عوام کے دلوں سے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکتا،انہوں نے کہاکہ بھارت نے اب مقبوضہ کشمیرمیں اسرائیلی طرز کی کارروائیاں شروع کرکے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کئے ہیں ، بھارتی کینگرو عدالتوں کے ایسے فیصلے بھی ان ہی کارروائیوں کا حصہ ہیں، حریت کانفرنس کے رہنماء نے کہا کہ حریت کانفرنس بھارت کے ان ظالمانہ ،غیرقانونی اور غیرانسانی ہتھکنڈوں سے اپنے عوام کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوگی بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کرکے اپنی جدوجہد کو منزل کے حصول تک جاری رکھے گی
دہلی کی عدالت کا سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کوضبط کرنے کا حکم،حریت کانفرنس کا شدید ردعمل








