قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا اے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے۔
118 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا، دونوں اوپنرز نے سنچریاں کیں۔
سری لنکا کی پہلی وکٹ 174 کے مجموعی اسکور پر گری، سینتھ جے وردھنا 70 گیندوں پر چھ چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے اور شہباز احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کا مجموعی اسکور جب 265 پر پہنچا تو دوسرے اوپنر لسیتھ کروپسلے 107 گیندوں پر تین چھکوں اور بارہ چوکوں کی مدد سے 116 رنز بنا کر ہرشیت رانا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے دونوں کھلاڑیوں نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور کسی بھارتی بولرز کو خاطر میں نہ لائے، نشن مدوشکا 58 رنز اور پاون رتھنائیکے 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 41.3 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ سری لنکا اے نے سیمی فائنل 8 وکٹوں سے جیت لیا۔ بھارت کی جانب سے ہرشیت رانا اور شہباز احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ڈے اینڈ نائٹ سیمی فائنل میں بھارت اے کے کپتان تلک ورما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدائی طور پر فائدہ مند ثابت ہوا، بھارتی اوپنرز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔
بھارت کی جانب سے اوپنر ابھیشیک شرما نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 78 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ویبھو سوریا ونشی نے 27 گیندوں پر 40 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 80 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
بھارت اے کی پہلی وکٹ 80 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، جب ویبھو سوریا ونشی 40 رنز بنا کر جنتھ لیانگے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ 159 رنز پر گری اور ابھیشیک شرما 78 رنز بنا کر لہرو سماراکون کا شکار بنے۔
تیسری وکٹ 197 رنز پر کمار کشاگرا کی گری، جو 21 رنز بنا کر پريرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ چوتھی وکٹ 203 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان تلک ورما 53 رنز بنانے کے بعد رویندو فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
پانچویں وکٹ 220 رنز پر رنکو سنگھ کی گری، جو 12 رنز بنا کر رویندو فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ بھارت کا مجموعی اسکور جب 235 رنز پر پہنچا تو سوریانش شیڈگے 10 رنز بنا کر پريرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ساتویں وکٹ 308 رنز پر تنوش کی گری، جنہوں نے 28 رنز بنائے اور جنتھ لیانگے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی آٹھویں وکٹ 309 رنز پر گری جب ہرشیت رانا بغیر کوئی رن بنائے گاروکا سنکیت کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
اننگز کے اختتام پر شہباز احمد 54 اور ہرش دوبے 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شہباز احمدنے یہ انفرادی اسکور چار چھکوں کی مدد سے 48 گیندوں پر بنایا، اس طرح بھارت اے نے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے رویندو فرنینڈو نے 10 اوورز میں 60 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جنتھ لیانگے نے 5 اوورز میں 37 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نیپون دھننجایا نے 10 اوورز میں صرف 41 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
گاروکا سنکیت نے 8 اوورز میں 64 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، لہرو سماراکون نے 6 اوورز میں 47 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بھارت اے کو شکست دینے کے بعد سری لنکا اے نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں اس کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کے فاتح پاکستان اے یا بنگلہ دیش اے سے ہوگا۔
مزید پڑھیں:سرگودھا ہر قیمت پر پہنچیں گے، چاہے جان ہی کیوں نہ جائے، فضل الرحمان
سری لنکن ٹیم اس شاندار کامیابی کے بعد بلند حوصلے کے ساتھ فائنل میں اترے گی جبکہ بھارت اے کے لیے ٹورنامنٹ کا اختتام مایوس کن رہا۔








