بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت کے ایوان صدر کی روح “مغل گارڈن ” کا نام تبدیل ،مسلم دشمنی کی تمام حدیں پار کر دیں

نئی  دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں مسلم دشمنی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ مسلمان بادشاہوں کے  بنائے تاریخی مقامات کے نام تبدیل  کیے جاجا رہے ہیں , ایسے ہی  ایوان صدر کی روح سمجھے جانے والا  “مغل گارڈن ” کا نام ہندو نام سے تبدیل کر دیا گیا ہے ۔

انگریزی کے معروف شاعر اور ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر نے رومیو جولیٹ میں لکھا ہے کہ “نام میں کیا رکھا ہے؟ گلاب کو کسی دوسرے نام سے پکاریں گے تو کیا اس کی خوشبو اتنی ہی بھینی نہیں ہو گی؟‘لیکن انڈیا میں نام بدلنے کی مہم جاری ہے اور گزشتہ دنوں دارالحکومت دہلی میں واقع راشٹرپتی بھون (ایوانِ صدر) کے مغل گارڈن کا نام بدل کر “امرت اددیان” رکھ دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ہندی اور انگریزی دونوں زبان میں ہیش ٹیگ “مغل گارڈن” ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے اس کے ساتھ راشٹرپتی بھون بھی ٹرینڈ کر رہا ہے۔

راشٹرپتی بھون کی ویب سائٹ کے مطابق یہ باغ 15 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے جسے صدارتی محل کی روح کے طور پر دیکھا جاتا ہے، مغل گارڈن جموں و کشمیر کے مغل باغات، تاج محل کے ارد گرد کے باغات، ہندوستان اور پیرس کی منیئیچر پینٹنگز سے متاثر ہے، سر ایڈون لوٹینز نے سنہ 1917 میں مغل باغات کے ڈیزائن کو حتمی شکل دی تھی۔ اسے سال میں ایک بار عوام کے لیے کھولا جاتا ہے اور رواں سال 31 جنوری سے اسے عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے، جہاں حکمراں جماعت بی جے پی نام بدلنے کے اس عمل کو تاریخی قرار دے رہے ہیں وہیں حزبِ اختلاف کی پارٹی کانگریس نے اسے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

مغل گارڈن میں دنیا کے تمام معروف پھولوں کی موجودگی اس کی خوبصورتی کو دوبالا کرتی ہے اور یہ باغ ان پھولوں کی خوشبو سے معطر رہتا ہے، یہاں ہالینڈ کے ٹیولپس ہیں ، برازیل کے آرکڈز، جاپان کے چیری کے پھول اور دیگر موسمی پھولوں کے ساتھ چین سے لائے جانے والے کنول کے پھول بھی ہیں ، یہاں مغل طرز کی نہریں، چبوترے اور پھولوں کی کیاریاں، یورپی پھول، لان اور سکون بخش باڑوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی پیدا کرتے ہیں۔

بہر حال انڈیا میں ناموں کے بدلنے کا سلسلہ جاری ہے، اس سے قبل اس کے آگے والی سڑک راج پتھ کا نام بدل کر “کرتویہ پتھ “رکھ دیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل اس کے قریب ہی اورنگزیب روڈ کا نام بھی بدل دیا گیا تھا،ابھی حال ہی میں تقریباً ایک ہفتے قبل وزیراعظم مودی نے انڈمان اور نکوبار جزائر میں 21 جزیروں کو نئے نام دیے۔ جس میں راس آئیلینڈ کو نیتا جی سبھاش چندر بوس جزیرہ کہا گیا اور ہیولاک اور نیل جزائر کو سوراج اور شہید جزائر کا نام دیا گیا۔