اسلام آباد: اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل ورکنگ گروپ کا جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں خصوصی اجلاس، وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے پاکستان کی 2017ء سے انسانی حقوق بارے کارکردگی رپورٹ پیش کر دی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی آزادی کی تحریک بنیادی انسانی حقوق، خود ارادیت، اور لوگوں کے لیے بنیادی آزادیوں کے تحفظ کے لیے ایک آئینی جدوجہد تھی۔ اس تاریخی تجربے نے پاکستان کے آئین، ہمارے قانونی اور عدالتی نظام کی تشکیل کے عمل میں بنیادی کردار ادا کیا۔
انسانی حقوق سے متعلق عالمی اعلامیہ اور نسلی امتیاز پر بین الاقوامی کنونشن کے مسودے سے لے کر ہیومن رائٹس کونسل کے قیام تک پاکستان کمزوروں اور مظلوموں کی آواز بنا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ انسانی حقوق کے عالمی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے مستقل طور پر بات چیت، اتفاق رائے، تعاون اور باہمی احترام کو ترجیح دی ہے۔
پاکستان کی چوتھی قومی یونیورسل پیریڈک ریویو رپورٹ ایک جامع مشاورتی عمل کے ذریعے تیار کی گئی ہے جس میں تمام فریق شامل ہیں۔
اجلاس کے موقع پر حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان اندرون اور بیرون ملک انسانی حقوق کے احترام کو فروغ دینے میں ثابت قدم رہا ہے۔ بنیادی انسانی حقوق کا احترام اور پاسداری ہماری قومی تحریک کی بنیاد ہیں۔ یہ رپورٹ ہمارے 2017 کی رپورٹ کی سفارشات کو نافذ کرنے کے لیے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ہماری وسیع کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان سفارشات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے، وفاقی حکومت نے تمام صوبائی اسٹیک ہولڈرز، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں سے قریبی مشاورت کی۔ آج، مجھے یہ آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میرے ملک کی انسانی حقوق کی ترقی مجموعی طور پر اوپر کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ہم ایک ترقی پسند اور تکثیری معاشرے کی خواہش کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
حنا ربانی کھر نے پاکستان کی 2017ء سے انسانی حقوق بارے کارکردگی رپورٹ پیش کر دی








