بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شعبہ توانائی کے فیصلے قومی مفاد اور ملکی ضروریات مطابق کیے جا رہے ہیں، وزیر پٹرولیم

اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ توانائی شعبے کے فیصلے قومی مفاد اور ملکی ضروریات کے مطابق کیے جا رہے ہیں، موجودہ صورتحال میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی تیل منڈیوں میں بھونچال آیا ہوا ہے، کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور سپلائی پر اثر پڑ رہا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 90 فیصد جبکہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں بھی ڈیزل کا گیلن 6 ڈالر سے بڑھ چکا ہے۔ جبکہ فرانس میں پمپس پر پٹرول کی قلت ہو گئی ہے۔ایران جنگ شروع ہونے سے پہلے پاکستان میں پٹرول کی قیمت 260 اور ڈیزل کی قیمت 280 روپے فی لیٹر تھی، جبکہ دبئی کے خام تیل کی قیمت 71 ڈالر فی بیرل تھی، اس وقت قیمت 118 ڈالر فی بیرل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں، بحران کے تناظر میں تیل کی قیمتوں اور دستیابی کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر پٹرولیم شعبے میں عوامی مفاد کو ترجیح دی جا رہی ہے، ڈیزل تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا چکا ہے ، حکومت کو عوام کی تکلیف کا مکمل احساس ہے۔ ریاست کے مفادات کے تحفظ کے لیے جو کچھ کرنا پڑا کریں گے،عوام کے لیے تیل سستا کرنا میری ذمہ داری ہے۔

مزید پڑھیں:پنجاب میں کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا، عظمیٰ بخاری

انہوں نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں سستی شہرت کیلئے ملک کو دیوالیہ پن کے دہانے تک پہنچایا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خطہ نہایت نازک دور سے گزر رہا ہے، سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملے قابل مذمت ہیں۔