ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے، جس کے باعث کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو فی تولہ سونا مزید 3 ہزار 700 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 95 ہزار 236 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نئے نرخوں کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں گزشتہ روز 13 ماہ بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ روپے کی نفسیاتی حد سے نیچے آئی تھی، وہیں آج مزید کمی کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت بھی 3 ہزار 172 روپے گھٹ کر 3 لاکھ 38 ہزار 851 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور آج فی اونس سونا مزید 37 ڈالر سستا ہو کر 3 ہزار 727 ڈالر کی سطح پر آ گیا ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی اور مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ پر امریکی ڈالر کی قدر، عالمی معاشی و سیاسی صورتحال، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کے رجحان سمیت مقامی سطح پر روپے اور ڈالر کے شرحِ تبادلہ جیسے عوامل براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔








