بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 روہنگیا مسلم نسل کشی پر میانمار کے خلاف عالمی عدالت کا تاریخی فیصلہ

دی ہیگ: اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت، عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے مقدمے میں میانمار کو باضابطہ طور پر ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ایک تاریخی فیصلہ سنا دیا ہے، جس کے نتیجے میں 2017 کے ہولناک مظالم کے متاثرین کو نو سال بعد انصاف مل گیا ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم عالمی عدالتِ انصاف نے جمعرات کے روز 9 کے مقابلے میں 6 ججوں کی اکثریت سے یہ فیصلہ صادر کیا۔ عدالتی فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ میانمار کی حکومت اور سیکیورٹی فورسز نے اپنی ریاست رخائن میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کی منظم نسل کشی کر کے 1948 کے عالمی نسل کشی کنونشن کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ عدالت کے سربراہ یوجی ایواسوا نے فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا کہ عدالتی کارروائی کے دوران ہزاروں روہنگیا شہریوں کے بے دریغ قتل، خواتین پر جنسی تشدد، معصوم بچوں کے ساتھ انتہائی سفاکانہ برتاؤ اور جان بچا کر بنگلہ دیش میں پناہ لینے کی کوشش کرنے والے نہتے افراد پر حملوں کے ٹھوس شواہد سامنے آئے ہیں۔

عالمی عدالتِ انصاف نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ میانمار کی سیکیورٹی فورسز کی ان وحشیانہ کارروائیوں کا بنیادی مقصد روہنگیا آبادی کے ایک بڑے حصے کو صفحہ ہستی سے مٹانا تھا۔ عدالت نے میانمار حکومت کو سختی سے حکم دیا ہے کہ وہ تمام متاثرین کی فوری بحالی، تباہ شدہ اجتماعی املاک کی واپسی، لاپتا افراد کی تلاش اور متاثرہ افراد کی جسمانی و نفسیاتی بحالی کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات یقینی بنائے۔

واضح رہے کہ عالمی عدالتِ انصاف میں میانمار کے خلاف یہ تاریخی مقدمہ مغربی افریقی ملک گیمبیا نے 2019 میں دائر کیا تھا، جس کی سماعتوں کے دوران اس وقت کی حکمراں آنگ سان سو چی خود عدالت میں پیش ہوئی تھیں اور میانمار حکومت نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف اپنے فوجی آپریشن کو علیحدگی پسند مسلح تنظیم “اراکان روہنگیا سالویشن آرمی” کے حملوں کا ردعمل قرار دینے کی کوشش کی تھی۔ اقوام متحدہ کے ابتدائی اندازوں کے مطابق 2017 کے اس فوجی آپریشن میں کم از کم دس ہزار روہنگیا شہری ہلاک ہوئے تھے، جبکہ عالمی طبی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے 25 اگست سے 24 ستمبر کے دوران محض ایک ماہ میں کم از کم 6 ہزار 700 اموات کی تصدیق کی تھی، اور 2018 کے ایک سروے پر مبنی مطالعے میں ہلاکتوں کا مجموعی تخمینہ 25 ہزار تک لگایا گیا تھا۔

ریکارڈ اور سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق میانمار فوج کے اس وحشیانہ آپریشن کے نتیجے میں 7 لاکھ 30 ہزار سے زائد روہنگیا افراد جان بچا کر بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے، جبکہ آج بھی 13 لاکھ سے زائد روہنگیا جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا میں دربدر اور بے گھر ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کی رپورٹس میں یہ بھی ثابت ہوا کہ شمالی رخائن میں 350 سے 400 کے درمیان روہنگیا دیہات مکمل طور پر جلا کر راکھ کر دیے گئے، جبکہ متاثرین کے گھروں، دکانوں، بازاروں اور مساجد تک پر قبضہ کر کے ان کے ذرائع معاش تباہ کیے گئے اور متاثرہ اراضی پر سیکیورٹی چوکیاں اور سرکاری تنصیبات تعمیر کر دی گئیں۔