اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خطے کے بدلتے ہوئے حالات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے تمام معاملات کو باہمی مشاورت اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس اہم بیٹھک میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور حکومتی اتحادیوں کے درمیان ہم آہنگی برقرار رکھنے کے امور پر غور کیا۔ ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ماضی میں کی جانے والی آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے مکمل کی گئیں، اور آئندہ بھی اسی روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ درپیش تمام سیاسی و انتظامی معاملات کا پائیدار حل صرف بات چیت کے ذریعے ہی نکالا جائے گا اور تمام اتحادی مل کر بیٹھیں گے تاکہ باہمی مشاورت سے ہر مسئلے کا بہتر حل نکالا جا سکے۔








