وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سینئر صحافی بابر بن عطا(babar bin ata) کی مردان میں واقع رہائش گاہ جا کر ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ، اورافسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔
آج مردان میں سینئر صحافی بابر بن عطاء صاحب کے گھر حاضر ہوا، جہاں ان کی والدہ محترمہ کے انتقال پر ان سے اور اہل خانہ سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ماں جیسی عظیم ہستی کا بچھڑ جانا زندگی کا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ اس دکھ کی گھڑی میں بابر بن عطاء صاحب اور ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
اللہ تعالیٰ مرحومہ کی کامل مغفرت ، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور تمام اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائیں۔ آمین۔
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) November 19, 2026
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی مردان آمد کے موقع پر وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے بابر بن عطا (babar bin ata) اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومہ کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ماں کا انتقال ایک بہت بڑا صدمہ اور انسانی زندگی کے عظیم ترین دکھوں میں سے ایک ہے اور ماں جیسی عظیم و شفیق ہستی کا بچھڑ جانا ایک ایسا ناقابلِ تلافی نقصان ہے جس کا خلا زندگی کے کسی بھی موڑ پر پورا نہیں ہو سکتا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ماں کی دعائیں، شفقت اور بے لوث محبت اولاد کی زندگی میں اللہ تعالیٰ کی سب سے قیمتی نعمتوں میں شامل ہیں، جن کی کمی کا احساس انسان کو زندگی بھر رہتا ہے۔ انہوں نے دکھ کی اس کٹھن گھڑی میں بابر بن عطا(babar bin ata) اور تمام پسماندگان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے اس ذاتی غم میں برابر کے شریک ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی روح کو ابدی سکون عطا کرے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام و درجات بلند فرمائے اور تمام سوگوار اہلِ خانہ کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل اور ہمت عطا فرمائے۔
بابر بن عطاء کون ہیں:
بابر بن عطا(babar bin ata) سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور میں فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم بھی رہے ۔ انہیں عائشہ رضا فاروق کی جگہ اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا ۔بعدازاں مبینہ طور پر بابر بن عطا (babar bin ata)نے عہدے کا غلط استعمال کیا اور وہ بڑی بے ضابطگیوں میں ملوث رہے۔
بابر بن عطا (babar bin ata)کے خلاف خفیہ رپورٹس وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہوئی تھیں جس پر انہیں 12گھنٹوں میں عہدہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی جبکہ یہ بھی واضح کیا گیا تھا کہ عہدہ نہ چھوڑنے پر انہیں برطرف کردیا جائے گا۔
اس وقت کی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ بابر بن عطا (babar bin ata)نے وزیراعظم آفس، حکومتی عہدے کا ناجائز استعمال کیا اور پولیو مہم کو مصنوعی طور پر طوالت بھی دی جبکہ انہوں نے پولیو کیسز سے متعلق غلط اور بے بنیاد رپورٹیں جاری کیں۔
یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملک بھر میں ہونے والی پولیو مہم کے دوران 2 سے 25 لاکھ تک والدین نے اپنے بچوں کو قطرے پلوانے سے انکار کیا، اعداد و شمار کی رپورٹ میں سندھ، بلوچستان اور پنجاب کو نظر انداز کیا گیا۔
اسی طرح بابر بن عطا(babar bin ata) نے پولیو پروگرام کو سیاسی رنگ دے کر فائدہ اٹھایا اور مرضی کےڈی ایچ اوز تعینات کیے، میڈیا اور سوشل میڈیا پر ذاتی تشہیر کی جبکہ میرٹ کے خلاف اور بلا اجازت سوشل میڈیا ٹیم تعینات کی جس میں دوستوں، رشتے داروں کو بھاری تنخواہوں پر بھرتی کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سابق فوکل پرسن نے مشہور سوشل میڈیا ایکٹویسٹ کے بھائی کو بھی اپنی ٹیم کا حصہ بنایا، عالمی ڈونرز کے اداروں میں ذاتی فائدے کے لئے لابنگ کی اور پرنٹنگ آؤٹ لیٹس کے لیے دباؤ بھی ڈالا جبکہ پولیو مہم کی ناکامی کا ملبہ انہوں نے عالمی ڈونرز پر ڈالا۔
بعدازاں گھیرا تنگ ہونے کے بعد وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے اور ٹوئٹ کے ذریعے آگاہ کیا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر مستعفی ہورہے ہیں۔
1: After a stint of over a year as the Prime Ministers Focal Person for Polio, I have asked the PM to relieve me of my duties because of some personal reasons pertaining to my family. During this time I got a chance to work with the best minds in the world 1/4
— Babar Atta (@babarbinatta) October 18, 2019
بابر بن عطا (babar bin ata)نجی ٹی وی چینل ہم نیوز سے بھی وابستہ رہے مگر وہاں بھی مبینہ بےضابطگیاں سامنے آنے کےبعد انہیں ادارے سے نکال دیا گیا تھا ، وہ اس وقت ڈیجیٹل پلیٹ فارم آزاد سے منسلک ہیں ۔








