اسلام آباد (ممتاز نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر فاد وحید نے کہا کہ افریقہ کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مارکیٹ ہے اور ایتھوپیا کے ساتھ قریبی تعاون قائم کر کے پاکستان افریقی خطے کے ساتھ تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کی باہمی تجارت تقریبا ڈھائی کروڑ ڈالر تک ہے جو ان کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں جس سے فائدہ اٹھانے کیلئے باقاعدگی کے ساتھ تجارتی وفود کا تبادلہ کرنا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
فاد وحید نے کہا یہ خوش آئند بات ہے کہ ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کرنے جا رہا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور تجارتی تعلقات بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ادویات، آلات جراحی، چاول، انجینئرنگ گڈز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کا سامان اور ٹیکسٹائلز سمیت متعدد معیاری مصنوعات تیار کر رہا ہے جو ایتھوپیا کی مارکیٹ میں مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی ا یتھوپیا کا دورہ کرنے والے پاکستانی وفد کا حصہ بننے کی کوشش کرے گا تا کہ وہاں کاروبار کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔
اس موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے کہا کہ ایتھوپیا کے وزیراعظم پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اسی مقصد کے پیش نظر 6تا10مارچ کو پاکستان کا ایک تجارتی وفد ایتھوپیا کا دورہ کرے گا لہذا انہوں نے چیمبر کے ممبران کو دعوت دی کہ وہ اس وفد کا حصہ بنیں تا کہ ایتھوپیا میں کاروبار کے مواقع تلاش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وفد ایتھوپیا میں کاروباری طبقے اور حکومتی حکام سے ملاقاتیں کرے گا تا کہ وہاں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لے سکے۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان کے معروف کاروباری گروپ عارف حبیب گروپ نے حال ہی میں ایتھوپیا کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے کاروباری برادری اور حکومتی نمائندگان سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان کے ملک میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا افریقی خطے کے لیے ایک گیٹ وے ہے لہذا پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ قریبی تعاون قائم کر کے افریقی خطے کی 1.4ارب افراد کی بڑی مارکیٹ کے ساتھ اپنی تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا فارسوٹیکلز، ٹیکسٹائلز اور تعمیراتی سامان سمیت دیگر مصنوعات باہر سے درآمد کرتا ہے لہذا پاکستان کی کاروباری برادری کیلئے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ ایتھوپیا کے ساتھ ان مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کی ایئرلائن اس سال 22مارچ سے ادیس ابابا سے کراچی کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور کاروباری روابط کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں ان پروازوں کو اسلام آباد اور لاہور کے ساتھ بھی شروع کیا جائے گا۔
چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، زاہد مقبول، طارق صادق،خالد چوہدری، عامر حسین اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات nکا اظہار کیا اور پاکستان و ایتھوپیا کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے بارے میں مفید تجاویز پیش کیں۔
ایتھوپین سفیر کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ، دو طر فہ تعلقات اور تجارت کے فروغ پر بات چیت








