بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر ازخود نوٹس کی سماعت آج بھی جاری رہے گی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر ازخود نوٹس کی سماعت آج بھی سپریم کورٹ میں جاری رہے گی۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کرے گا، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس جمال خان مندوخیل بھی بینچ میں شامل ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں اور بار کونسلز کے وکلاء دلائل مکمل ہو چکے ہیں، پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان اور صدر مملکت کے وکیل علی ظفر کے دلائل بھی مکمل ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے وکیل امتیاز رشید صدیقی آج دلائل دیں گے، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے وکیل نعیم بخاری اور اٹارنی جنرل بھی آج دلائل دیں گے۔

عدالت کے حکم پر اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے وکیل نعیم بخاری 31 مارچ کے اجلاس کے منٹس پیش کریں گے۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ بظاہر وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے جا رہی تھی لیکن ووٹنگ والے دن رولنگ آگئی، یہ رولنگ بظاہر الزامات اور مفروضوں پر مبنی ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔

چیف جسٹس نے کہا تھا کہ موجودہ کیس میں آرٹیکل 95 کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور جب آئین کی خلاف ورزی ہو، عدالت پارلیمنٹ کی کارروائی میں مداخلت کر سکتی ہے۔