بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارتی فوجی تسلط، ریاستی دہشت گردی سے کشمیری خواتین کو معاشرے میں آزادی میسر نہیں،شیخ عبدالماجدسینئر رہنما ء حریت کانفرنس

آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سینئیر رہنما شیخ عبدالماجد نے عالمی یوم خواتین کے دن کے موقع پر پریس کے نام جاری بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نافذ کردہ سیاہ قوانین قابض افواج کے جرائم کو تحفظ فراہم کرتے ہیں جو کشمیریوں کے دکھ درد میں اضافے کے باعث بنے ہوئے ییں۔

انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی فوجی تسلط اور ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے کشمیری خواتین کو معاشرے میں کوئی تحفظ اور آزادی میسر نہیں۔ کشمیری خواتین کے شوہروں، بھائیوں اور بیٹیوں کو ان کے سامنے بے دردی سے قتل کر دیا جاتا ہے اور مردوں کے سامنے اُن کی عورتوں کی عصمت دری کی جاتی ہے- کشمیری عورتیں بھارتی جنگی جرائم کے شکار ہیں اور بھارت سرکار کشمیری خواتین کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے۔

شیخ ماجد نے کہا ہے کہ کشمیر میں عورت ہونا ایک جرم بن کر رہ گیا ہے مسلسل ذہنی تنائو کی وجہ سے 80 فیصد کشمیری خواتین نفسیاتی مریضہ بن چکی ہیں- بیوہ خواتین اپنے مقتول شوہروں کا بوجھ اٹھائے ہوئے کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر میں یہ حالات حادثاتی نہیں بلکہ بھارت سرکار سیاسی دہشت گردی ، آزادی کی آواز دبانے اور اسٹیٹسکو کے خلاف مزاحمت کو کچلنے کیلئے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے-

شیخ ماجد نے کشمیری خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے کہا ہے کہ تمام تر مظالم کے باوجود کشمیری خواتین پختہ عزم کے ساتھ سینہ سپر ہیں اور وہ ظلم و ستم، کریک ڈائون، جعلی مقابلوں ، گمشدگیوں، بہیمانہ تشدد، اورقتل و غارت کے باوجود اپنے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں-

شیخ ماجد نے عالمی خواتین اور ان کے فورمز سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری خواتین کی آواز بنیں اور ان کے مطالبات دنیا کے سامنے رکھ دیں ان کے ساتھ روا رکھا بدترین سلوک سے دنیا کو آگاہ کریں۔