واشنگٹن (نیوز ڈیسک )میکنزی اسکاٹ دنیا کی چوتھی امیر ترین خاتون ہیں دو ہزار انیس سے اب تک انہوں نے تقریبا بارہ ارب ڈالر عطیہ کر چکی ہیں جبکہ نو ماہ کے دوران انہوں نے 726 ارب روپے سے زائد رقم عطیہ کی ہے ۔
میکنزی اسکاٹ ویسے تو دنیا کی چوتھی امیر ترین خاتون ہیں مگر امریکی میگزین نے انہیں اپنی دولت تک لا محدود رسائی، عطیہ کرنے کے عہد اور اس پر عمل کی وجہ سے انہیں دنیا کی طاقتور ترین خاتون قرار دیا ہے۔
امریکن بزنس فوربز میگزین کے مطابق میکنزی اسکاٹ کے اثاثوں کی مالیت اس وقت تقریباً 43.6 ارب ڈالرز ہے۔
ان سے زیادہ امیر خواتین میں لورئیل کاسمیٹکس کی چئیر پرسن فرانسوا بیٹن کورٹ میئرز، وال مارٹ کے مالک خاندان کی رکن ایلس والٹن اور کوکھ انڈسٹریز کے خاندان کی جولیا کوکھ شامل ہیں جس کے بعد میکنزی اسکاٹ کا نمبر آتا ہے۔
میکنزی اسکاٹ کون ہیں؟
میکنزی اسکاٹ دراصل ای-کامرس اور ڈیجیٹل اسٹریمنگ کمپنی ایمیزون کے مالک اور دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ ہیں۔
میکنزی اسکاٹ پرنسٹن یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ ہیں جس کے بعد انہوں نے نیو یارک کے ایک ہیج فنڈ میں ملازمت کی اور یہیں ان کی ملاقات جیف بیزوس سے ہوئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مکنزی اسکاٹ اپنے شوہر کی امیزون کمپنی لانچ کرنے کی خواہش میں ہر قدم ان کے ہمراہ رہیں، جس کے لیے وہ دونوں نیو یارک سے امریکی شہر سیئیٹل منتقل ہوگئی جہاں جیف بیزوس نے والدین سے قرض لے کر کمپنی کی بنیاد رکھی ۔
1997 میں امیزون ایک پبلک کمپنی بن گئی اور اس کے اگلے ہی سال جیف بیزوس ارب پتی بن چکے تھے۔
شادی کے پچیس سال ساتھ گزارنے کے بعد انہوں نے اپنی راہیں 2019 میں جدا کرلی، طلاق کے بعد وہ ایک بار پھر مکنزی اسکاٹ بن گئیں مگر امیزون کمپنی کے تقریباً 36 ارب ڈالرز مالیت کے شیئرز بھی ان کے حصے میں آئے۔
طلاق کے فوراً بعد مکنزی اسکاٹ نے اپنی زندگی میں ہی اپنی آدھی دولت عطیہ کر دینے کے عزم کا اظہار کیا، اور اس پر عمل کرتے ہوئے وہ اب تک تقریباً 12 ارب ڈالرز مختلف خیراتی اداروں کو تحفتاً دے چکی ہیں۔
میکنزی اسکاٹ ایک ناولسٹ ہیں، ویب سائٹ ‘میڈیئم’ پر بلاگز بھی لکھتی ہیں، ویب سائٹ کے لیے اپنی تازہ تحریر میں وہ لکھتی ہیں کہ انہوں نے گزشتہ نو ماہ کے عرصے میں 3.9 ارب ڈالرز 464 غیر منافع بخش تنظیموں میں تقسیم کیے۔









