بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیا اور پرانا پاکستان نہیں، ہمیں بہتر پاکستان چاہیے، خالد مقبول صدیقی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔

اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کےکنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عدم اعتماد کی کامیابی سے جمہوریت کو اعتماد ملا ہے۔

ایم کیوایم رہنما نےکہا کہ ایک مشترکہ،حقیقی جمہوریت کی جانب بڑھیں نیا اور پرانا پاکستان نہیں، ہمیں بہتر پاکستان چاہیے۔

عوامی نیشنل پارٹی (اےاین پی) کے رہنما امیر حیدر ہوتی نے مبینہ امریکی مخالف جذبات کے معاملے پرپی ٹی آئی کی کلاس لیتے ہوئے کہا کہ بولے جب ٹرمپ سے ملے،بائیڈن کےفون کا انتظارکیا،اس وقت یہ جذبہ کہاں تھا۔

اس کے علاوہ خالدمگسی بولے کہ بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) ہماری پارٹی ہے ہم نے باپ ہونے کا حق ادا کردیا ہے، ہم بدلہ نہیں لے رہے ، ہم خدمت کررہے ہیں۔

بلوچستان عوامی پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے بھی دھواں دھار خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جو حکومت ختم ہوئی اس کا گھمنڈ،تکبر اس کو لے ڈوبا ہے، دوسری جانب محسن داوڑ بولے کہ جو یہاں بیساکھیوں کی مدد سے آنے کی کوشش کرتے ہیں ان کا یہ ہی حال ہوتا ہے،ہم نے اس ہائبرڈ رجیم سے چھٹکارا حاصل کیا جو 2018 میں مسلط کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ شاہ زین بگٹی بولے پی ٹی آئی حکومت نے آئین کو توڑا، عدلیہ کا شکریہ آئین بحال کیا۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی جس کے بعد وہ اب ملک کے وزیراعظم نہیں رہے اور ساتھ ہی عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے۔

قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے عہدے کے لیےکاغذات نامزدگی طلب کرلیے گئے۔

ذرائِع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق نئے قائد ایوان کے عہدے کے لیےکاغذات نامزدگی آج دن 12 بجے تک سیکرٹری قومی اسمبلی آفس میں جمع ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ نئے وزیراعظم کا انتخاب کل (پیر)کو ہوگا۔