کراچی (نیوز ڈیسک )امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ اہم شخصیات کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے کراچی ائیرپورٹ پر احکامات موصول نہیں ہوئے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن حکام کے مطابق ابھی کسی کو روکنے کے کوئی تحریری احکامات نہیں ملے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ملک میں آئینی بحران کے بعد ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق کہا گیا تھا کہ حکومتی شخصیات اورسرکاری افسران کوبغیراین اوسی بیرون ملک سفرکی اجازت نہ ہوگی۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی جس کے بعد وہ ملک کے وزیراعظم نہیں رہے اور ساتھ ہی عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے۔
قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے عہدے کے لیےکاغذات نامزدگی طلب کرلیے گئے۔
ذرائِع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق نئے قائد ایوان کے عہدے کے لیےکاغذات نامزدگی آج دن 12 بجے تک سیکرٹری قومی اسمبلی آفس میں جمع ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ نئے وزیراعظم کا انتخاب کل (پیر)کو ہوگا۔








