بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد جمائما کے بھائی نے عمران خان کو کیا کہا؟

لندن(نیوز ڈیسک) تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے عمران خان کے لئے ایک ٹوئٹ کی ہے۔

ماہر ماحولیات بین گولڈ اسمتھ نے ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ٹوئٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کےلئے تعریفی کلمات لکھتے ہوئے کہاکہ میرے بہنوئی عمران خان ایک اچھے اور عزت دار آدمی ہیں۔

جمائما کے بھائی نے کہاکہ عمران خان میں اپنے ملک کے لیے کچھ بہتر کرنے کا جذبہ پایا جاتا ہے، بطور وزیراعظم ان کا ریکارڈ بالخصوص دور حاضر کے سب سے بڑے مسئلے پر غیر معمولی ہے۔

بین گولڈ اسمتھ نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہاکہ عمران خان کی قیادت میں اب پاکستان ماحولیاتی بحالی کے لیے عالمی رہنما کے طور پر جانا جاتا ہے۔

واضح رہےکہ قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد 174 ووٹوں سے کامیاب ہوگئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف 25 جولائی 2018ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں برسراقتدار آئی اور عمران خان نے 18 اگست 2018ء کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا۔

پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں میں ایم کیو ایم پاکستان، مسلم لیگ (ق)، عوامی مسلم لیگ، جی ڈی اے، بی اے پی اور بعض دیگر آزاد اراکین شامل تھے۔

عمران خان 3 سال 7 ماہ 21 دن تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہے۔

عمران خان پارلیمانی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں باقاعدہ آئینی طریقہ کار کے تحت عدم اعتماد کی قرارداد کے ذریعے اپنے عہدے سے ہٹایا گیا۔