غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک ) قابض اسرائیل فوج نے بیت الحم کے علاقے میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک 40 سالہ خاتون شہید ہوگئیں۔ عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تین روز قبل جنین میں مسلح شخص کی فائرنگ میں 3 اسرائیلی شہریوں کی ہلاکت کے بعد سے اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پناہ گزین کیمپوں سمیت رہائشی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے حملہ کر دیا۔ گزشتہ روز فلسطین کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں دو نوجوان شہید ہوگئے تھے جب کہ جنین میں بھی ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا گیا تھا۔ ریاستی دہشت گردی کا یہ سلسلہ آج بھی جاری رہا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیل فوج کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک 40 سالہ فلسطینی خاتون جان کی بازی ہارگئیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ تنبیہ کے لیے کی گئی ہوئی فائرنگ تھی جس کی زد میں خاتون آگئیں۔
اسرائیلی فوج کی بزدلانہ کارروائی میں فلسطینی خاتون شہید








