بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیٹو کا اپنی سرحدوں پر مستقل فوج تعینات کرنے کا منصوبہ

 برسلز(مانیٹرنگ ڈیسک )نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ نیٹو مستقبل میں روسی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں اپنی سرحدوں پر مستقل فوج تعینات کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے نے غیر ملکی ادارے دی ٹیلی گراف کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نیٹو کی خاص طور پر متخص اور متعین شدہ ملٹری-فورس سرحدوں کا دفاع کرنے کے لیے تعینات کی جائے گی۔ نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ نیٹو پالیسی میں ایک بنیادی تبدیلی کرنے جا رہا ہے جو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے اقدامات کے “طویل مدتی نتائج” کی عکاسی کرے گی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نےجینز اسٹولٹن برگ کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ جو صورتحال ہم اس وقت دیکھ رہے ہیں وہ ایک نئی حقیقت ہے، وہ یورپی ممالک کی سلامتی کے لیے اب ایک معمول کی بات ہے، اور اس مقصد کے لیے اب ہم نے اپنے فوجی کمانڈروں سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں ہمیں آپشنز فراہم کریں جس کے ساتھ ہم نیٹو کی طویل مدتی پالیسی کو ری سیٹ کر سکیں۔ نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ اتحاد کے سربراہ کے طور پر اپنی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کریں گے۔اسٹولٹن برگ کا انٹرویو میں مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی پالیسی ری سیٹ کے بارے میں فیصلے جون میں میڈرڈ میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس میں کیے جائیں گے۔یوکرین پر روس کے حملے نے دوسری جنگ عظیم کے بعد سے یورپ کے سب سے بڑے مہاجرین کے بحران کو جنم دیا ہے اور مغربی ممالک کو اپنی دفاعی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔