اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عید الفطر کے بعد اسلام آباد اور چین کے شہر تاشکورگان کے درمیان کورونا کے باعث بند بس سروس کو بحال کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔ کرائے کا تخمینہ 60ہزار روپے لگایا گیا ہے۔
پاکستان کی نجی بس کمپنی کے ایک نمائندے نے گوادر پرو کو بتایا کہ اسلام آباد سے تاشکرگان تک سروس 13 مئی 2023 کو شروع ہو جائے گی۔ پہلے مرحلے میں 28 سیٹوں کی گنجائش کے ساتھ منی یوٹونگ بس چلائی جائے گی۔ یہ سفر امیگریشن کے عمل سمیت تقریباً 38 گھنٹے کا ہوگا۔ مسافر سوسٹ بارڈر پر ایک رات قیام بھی کریں گے ۔ کرائے کا تخمینہ 60ہزار روپے لگایا گیا ہے ۔
نمائندے کے مطابق سفر کے لئے ضروری تقاضوں میں اصل پاسپورٹ/کاپی، اصل ویزا/کاپی، درست ویزا اور چین کا دعوت نامہ(ویزا کیٹیگری )شامل ہے۔اس سروس کے آغاز کا ان پاکستانیوں نے بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا جو زمینی راستے سے چین جانا چاہتے تھے۔
پاکستان الپائن کلب کے سیکرٹری کرار حیدری نے کہا کہ اس اقدام سے خطے میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔2019 میں مذکورہ کمپنی نے راولپنڈی،اسلام آباد اور چین کے شہر تاشکورگن کے درمیان بس سروس شروع کی تھی لیکن کورونا وباء کی وجہ سے اس میں تعطل آ گیا تھا ۔ راولپنڈی،اسلام آباد سے تشکرگن پہنچنے میں بس کو تقریباً 25 گھنٹے لگتے ہیں۔
واضح رہے کہ نومبر 2018ء میں نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک نامی کمپنی نے لاہور سے چین کے شہر کاشغر تک بس سروس کے آغاز کا اعلان کیاتھااور اس سفر کے لئے لگژری اور آرام دہ بسیں متعارف کرائی تھیں۔









